کشمیر میں بھارت کے وحشیانہ ظلم وبربریت کے خلاف چکوال میں بھی یومِ سیاہ منایا گیا

وزیراعظم نے پاکستان کے نئے سیاسی نقشہ میں کشمیر کو نمایاں طور پر شامل کرکے مظلوم کشمیری عوام کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے جلد آزادی کی نوید سنائی ہے ، ڈپٹی کمشنر چکوال

منگل 27 اکتوبر 2020 16:45

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) کشمیر میں بھارت کے وحشیانہ ظلم وبربریت کے خلاف چکوال میں بھی یومِ سیاہ منایا گیا اور اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بے مثال یکجہتی کے اظہار کے لئے واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کی۔

واک میں اے ڈی سی ریونیو مصور خان نیازی، اے سی ہیڈکوارٹرز مجاہد عباس اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، ماہرین تعلیم، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان، سرکاری محکموں کے سربراہان ، تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یہ واک شہر میں 15 چوک سے شروع ہو کر بھون چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری جھنڈے، کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے نعروں پر مبنی بڑے بڑے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں حکومت پاکستان نے سرکاری طور پر جاری کردہ پاکستان کے نئے سیاسی نقشہ میں کشمیر کو نمایاں طور پر شامل کرکے مظلوم کشمیری عوام کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے جلد آزادی کی نوید سنائی ہے جس سے کشمیری قوم کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بھارتی حکومت نے انتہائی بیہیمانہ اور سفاکانہ حرکت کی جس سے غاصب بھارت کے ناپاک عزائم پوری دنیا پر عیاں ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھارت کی سفاکیت اور مکروہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری حکومت پاکستان کے ساتھ ہم آواز ہو کر کشمیر کی آزادی کے لئے کردار ادا کرے۔دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد کشمیری عوام اپنی آزادی کی منزل سے ہمکنار ہونگے انہوں نے لاکھوں نوجوانوں کی شہادت کی صورت میں لازوال قربانیاں دے کر تحریک آزادی کو خون سے سینچا ہے اور آزادی ان کا مقدر ہے۔مقررین نے کہا کہ غازیوں اور شہیدوں کے شہر چکوال کے باسیوں نے پر عزم انداز میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام آزادی کشمیر کے خواہاں ہیں اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ واک کے اختتامی مقام پر پاکستان کے امن و استحکام،بقائ و سلامتی اور آزادی کشمیر کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔