یوتھ فورم فار کشمیر کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضہ کیخلاف یوم سیاہ ریل

منگل 27 اکتوبر 2020 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) یو تھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام کشمیریوں پر مظالم اور کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کی73سال مکمل ہونے پر یو م سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں پنجاب اسمبلی تا لاہور پر یس کلب کشمیر ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

طارق غوری نے کہا کہ تاریخ میں 27اکتوبر1947کا دن کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔کیو نکہ یہی وہ دن ہے جب بھارت نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا۔اور آج 73سال گزرنے کے با وجود کروڑوں کشمیریوں کو جبرًا غلامی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے۔10لاکھ سے زائد کشمیریوں نے جدوجہد آزادی میں اپنی جانوں کی قربانی دی اربوں روپے کی جائیدادیں نذر آتش کی گئیں۔

(جاری ہے)

بھارتی درندوں نے ہزاروں کشمیری خواتین کی آبرو ریزی کی۔ معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنایا، نو جوانوں کو ذندہ درگور کیا وادی کشمیر لہو لہوہے۔ افسوس عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔طارق غوری نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے جو قراردادیں منظور کیں وہ ردی کی ٹوکری کی نظر کر دی گئی ہیں۔کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

آج ہم ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں بند کی جائیں اور بھارتی فوج کو کشمیر سے نکالا جائے۔ ہم کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ جدوجہد آزادی کی اس جنگ میں وہ اکیلے نہیں پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑاہے اور شانہ بشانہ اُن کا ساتھ دے گا۔