مسلمان کبھی بھی خاتم النبین حضرت محمد رسول اللہﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، چودھری پرویزالٰہی

فرانسیسی صدر مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، او آئی سی اجلاس فوراً بلایا جائے، زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں،سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 27 اکتوبر 2020 19:48

مسلمان کبھی بھی خاتم النبین حضرت محمد رسول اللہﷺ کی شان میں گستاخی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) مسلمان کبھی بھی خاتم النبین حضرت محمد رسول اللہﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، فرانسیسی صدر مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں ورنہ ان کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، او آئی سی (OIC) کا اجلاس فوراً بلایا جائے اور زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالا ت کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ توہین آمیز خاکے عالم اسلام کی تضحیک ہے، فرانسیسی صدر کا بیان انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد رسول اللہﷺ کے دنیا میں آنے سے جاہلیت کا اندھیرا ختم ہوا، مذہبی نفرت پھیلانے والے شیطانیت کو فروغ دینے کے ذمہ دار ہیں، عالم اسلام کو ایک نقطے پر متفق ہونا ہو گا، اسلام سمیت کسی مذہب کی تضحیک نہیں کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی عالمی امن کو تباہ کر دے گی، انسانیت کے علمبردار ادارے اپنا کردار ادا کریں، کروڑوں مسلمانوں کے جذبات سے کھیل کر دنیا میں امن قائم کیسے رہ سکتا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ گستاخانہ خاکوں کو بلڈنگوں، سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ سے فوراً ہٹا دیا جائے اور آئندہ اس طرح کی اشاعت پر مکمل پابندی ہونی چاہئے۔#