اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی

پشاور دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون سمیت دیگر سرکاری و غیر سرکاری عمارات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی، آئی جی اسلام آباد کی داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی منگل 27 اکتوبر 2020 19:15

اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں منگل کے روز مدرسے میں ہوئے بم دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پشاور دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون سمیت دیگر سرکاری و غیر سرکاری عمارات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

پشاور دھماکے کے بعد آئی جی اسلام آباد نے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کی جانب سے شہر بھر میں پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ منگل کے روز پشاور کے علاقے دیرکالونی میں دھماکے سے 7 افراد شہید اور70 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں زیادہ تعدد بچوں کی ہے ، جن کی عمریں 11 سے17 سال کے درمیان ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکہ بچوں کے مدرسے کے قریب ہوا ، جہاں 100سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

دھماکے سے قبل مدرسے میں ایک مشکوک شخص بھاری بیگ لے کر داخل ہوا جس کی تلاش جاری ہے۔ وزیراعظم سمیت ملک کی تمام سیاسی قیادت نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کو آرمی پبلک اسکول کے بعد دوسرا بڑا سانحہ قرار دے دیا ، صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا واقعہ اے پی ایس کے بعد دوسرا بڑا سانحہ ہے ، علاقے میں کافی عرصے سے امن تھا اور سیکیورٹی بھی بہتر تھی ، دہشت گرد اپنے مقاصد کیلئے سافٹ ٹارگٹ دیکھتے ہیں ، بچے اور مدرسے دہشت گردوں کا سافٹ ٹارگٹ تھے ، کیوں کہ دہشت گردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے ، ہم اس دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، دہشت گردی کی اطلاعات تھیں ، کیوں کہ نیکٹا کی طرف سے کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی تھریٹ الرٹ تھا ، جس کی بنا پر علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی ، تاہم ہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی ہے۔