لاہور،مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں کی پشاوردھماکے کی شدید مذمت

منگل 27 اکتوبر 2020 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے پشاورکے ایک دینی مدرسہ کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور دھماکہ میں مدرسہ کے معصوم طلبہ کی شہادتیں اے ،پی ،ایس سکول پر حملہ جیسا ہی سانحہ ہے۔قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ یہ ریاست اور اداروں کا امتحان ہے کہ اس حادثہ کے شہداء کے ساتھ کس قدرمعاونت کا اعلان کیا جاتا ہے۔

سنا ہے کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے جو بچوں میں تفریق نہیں کرتی ۔ نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ پشاور سانحہ ملک کے امن کو خراب کرنے کی ایک مرتبہ پھر سے کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ظہر کی نماز اسی مسجد میں جماعت کے ساتھ پڑھنے والوں نے ثابت کر دیا کہ ہم اپنے ملک کے امن کی حفاظت جان دے کر بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اس سانحہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کی مسجد میںطلبہ کی بکھری لاشوں،زخمیوں کی آہوں ،سسکیوں اور مسجد میں حدیث وتفسیر قرآن کی بکھری کتابوں کے دردناک مناظر نے دل ہلا کر رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک قومی سانحہ پر بھی اسی قومی وحدت و اتفاق کی ضرورت ہے جو اے ،پی، ایس واقعہ کے موقع پر ہوا تھا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہا ہے کہ ظالموں کو ذرا ترس نہ آیا کہ یہ معصوم بچے اپنا سب سکون و آرام ،والدین کی محبت ،بھائیوں کا ساتھ ،بہنوں کے لاڈ پیار،دوستوں کی رفاقت یہ سب کچھ چھوڑ کر دین متین، قرآن مجید کی تعلیم اور حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے حصول کے لیے یہاں جمع تھے ان پر حملہ کرنے والے انسان نہیں ہوسکتے ۔تمام رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروے اس سانحہ کا فوری نوٹس لے کر مجرموں کو عبرت کا نشان بنا دیں اور دین متین پڑھنے پڑھانے والوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے