کیپٹن (ر) صفدر نے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے حکومت کو خط لکھ دیا

مشکوک ایف آئی آرز کی وجہ سے سیکیورٹی مسائل کا سامنا، حکومت چاروں صوبوں کے آئی جی صاحبان کو کیپٹن (ر) صفدر اعوان کو سیکیورٹی دینے کی ہدایات جاری کرے، سیکرٹری داخلہ کو بھجوائے گئے خط کا متن

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 27 اکتوبر 2020 20:11

کیپٹن (ر) صفدر نے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے حکومت کو خط لکھ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) کیپٹن (ر) صفدر نے وزارت داخلہ سے فول پروف سیکیورٹی مانگ لی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے وزارت داخلہ کو خط بھجوایا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ انہیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔ ان کے وکیل بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے سیکیورٹی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ۔

خط میں کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا کہ مشکوک ایف آئی آرز کی وجہ سے سیکیورٹی مسائل کا سامنا ہے ۔ میرے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی سرگرمیوں میں اپنی اہلیہ کی وجہ سے حصہ لیتا رہتا ہوں ، جان کو خطرہ ہو سکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ناموس رسول ﷺ کا پُر زور حامی ہوں ، میرے خلاف بے بنیاد ایف آئی آرز جمع کروائی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا کہ نیب ، ایف آئی اے اور پولیس کی جانب سے متعدد کیسز کا سامنا ہے ، مختلف جگہوں پر پیشیاں دینا پڑتی ہیں ، زندگی کو خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ ان کے وکیل نے سیکرٹری داخلہ کو لکھی درخواست میں کہا کہ حکومت چاروں صوبوں کے آئی جی صاحبان کو کیپٹن (ر) صفدر اعوان کو سیکیورٹی دینے کی ہدایات جاری کرے ۔ یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے کراچی جلسہ سے قبل کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر نعرے بازی کی تھی جس کے بعد مزار کا تقدس پامال کرنے کے جرم میں ان کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے تھے ۔

ان کو کراچی کے ایک نجی ہوٹل سے گرفتار کرلیا گیا تھا، ان کی گرفتاری کا الزام حکومت اور اداروں پر لگایا گیا تھا۔ کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتاری کے اگلے ہی روز ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا، جس کے بعد وہ مریم نواز شریف کے ہمراہ لاہور چلے گئے تھے ۔