بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں زمین خریدنے کی اجازت مل گئی

’’یونین ٹیریٹری آف جموں اینڈ کشمیر ری آرگنائزیشن تھرڈ آرڈر 2020‘‘ کے نفاذ کے ساتھ ہی عام بھارتی شہری بھی کشمیر میں زمین خرید سکیں گے، اس سے قبل کسی غیر کشمیری کو مقبوضہ علاقے میں زمین کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں تھی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 27 اکتوبر 2020 20:43

بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں زمین خریدنے کی اجازت مل گئی
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 27 اکتوبر2020ء) بھارتی حکومت نے ملک میں جائیداد کی خرید و فروخت کے قانون میں ترمیم کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے زمین کی خریدو فروخت کے قوانین میں تبدیلی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں اب کوئی بھی بھارتی شہری زمین کی خریدو فروخت کر سکے گا ۔ کسی بھی بھارتی شہری کو مقبوضہ وادی میں زمین خریدنے کی اجازت ہوگی۔

بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ترمیم شدہ قانون ’’یونین ٹیریٹری آف جموں اینڈ کشمیر ری آرگنائزیشن تھرڈ آرڈر 2020‘‘ جلد ہی کشمیر میں نافذ کردیا جائے گا ۔ اس نوٹیفیکیشن سے قبل صرف کشمیر کے مستقل رہائشی ہی کشمیر میں زمین خرید سکتے ہیں، اور کسی غیر کشمیری کو زمین خریدنے کی اجازت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

تاہم اس قانونی ترمیم کے بعد کوئی بھی بھارتی شہری کشمیر میں زمین خرید سکے گا ۔

یاد رہے کہ آج 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں موجود کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں، 27 اکتوبر 1948 کو بھارتی فوجوں نے کشمیر میں داخل ہو کر وادی پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے لیکر اب تک کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے۔ گزشتہ برس 5 اگست کو مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے قانون آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کا خاتمہ کردیا گیا تھا جس کے بعد کشمیر کی الگ خصوصی حیثیت ختم کردی گئی تھی اور مقبوضہ کشمیر کو زبردستی بھارت کا حصہ بنانے کی مذموم کوشش کی گئی تھی ۔ بھارت کے اس عمل پر ساری دنیا میں موجود مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔