کشمیری بھائیوں کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہیں،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)انوارلحق

ضلع راولپنڈی میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضے کی مذمت کیلئے بلیک ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا

منگل 27 اکتوبر 2020 23:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) ملک بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے مقبوضہ جموں کشمیر پر ناجائز قبضے کی مذمت کیلئے بلیک ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ انوارلحق نے بلیک ڈے پر پیغام میں کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا کشمیریوں سے ناطہ کبھی نہیں ٹوٹ سکتا۔ کشمیری بھائیوں سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کشمیری عوام کے جذبہ حریت اور آزادی کی تڑپ کو ختم نہیں کرسکتے اور پاکستانی قوم کا کشمیری عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار عالمی ضمیر کو بیدار کرنے سمیت یہ باور کروانا ہے کہ ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قدم پر انکا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرائے اور قراردادوں پرعمل کروا کے انہیں حق خودارادیت دلایا جائے، ہم کشمیریوں پر بھارتی ظلم وجارحیت کی بھر پور مذ مت کر تے ہیں۔انہوںن نے کہا کہ بھار ت10لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں جھونک کربھی فتح حاصل نہیں کر سکا۔ دنیا جانتی ہے کہ کشمیریوں پر کس قدر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ اقوام عالم اس پر سخت نوٹس لیں اور انسانیت کے تقاضے نبھائیں اور بھارت پر پابندیاں لگائیں اورمقبو ضہ کشمیر کو آزاد کراکر وہاں کے عوام پر مظالم بند کرائیں۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے پاکستان کی ترقی و کامیابی اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کی۔