نوشہروفیروز میںآل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کا مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت شہید بے نظیر آباد ڈویژن کا ورکرز کنونشن

نومبر کے کراچی کے دھرنے میں شرکت کا عزم۔ 3 نومبر کو صوبے بھر میں احتجاج کا فیصلہ

منگل 27 اکتوبر 2020 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کا تیسرا ورکرز کنونشن شہید بے نظیر آباد ڈویژن کے شہر نوشہروفیروز میں مرکزی چیئرمین و صوبائی صدر سید ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ کنونشن میں نوشہروفیروز، سکرنڈ، قاضی احمد، دوڑ، بھریا، محراب پور، کنڈیارو، مورو، پڈعیدن، جام نواز علی، ٹنڈو مٹھا خان کے بلدیاتی اداروں کے مزدور رہنمائوں کے علاوہ مرکزی سینئر نائب صدر رسول بخش شاہانی، جوائنٹ سیکریٹری کشن لعل راجہ، صوبائی چیئرمین حافظ مشتاق کوریجو، جنرل سیکریٹری عبدالہادی مرکیانی، فنانس سیکریٹری قلندر بخش شاہانی، آفس سیکریٹری شوکت علی دائود پوتا، حیدرآباد ڈویژن کے چیئرمین ذاکر حسین رضوی، صدر علی اکبر بروہی، جنرل سیکریٹری کرم علی براہمانی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ذوالفقار شاہ، حافظ مشاق کوریجو، اکرم راجپوت، رسول بخش شاہانی، علی مردان شیخ اور کشن لعل راجہ نے کہا ہے کہ 17 نومبر کو کراچی میں تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔ 3 نومبر کو صوبے بھر کے پریس کلبوں پر بلدیاتی ملازمین آن لائن ٹریژری سے تنخواہوں کی ادائیگی، صوبائی ملازمین کے برابر بلدیاتی ملازمین کو حقوق دلوانے، فوتگی کوٹے، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ادائیگی سمیت اہم مطالبات پر احتجاج کیا جائے گا۔

اس موقع پر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے مزدور رہنما منور ساندایو کے بھائی، حیدرآباد کارپوریشن کے رہنما عارف خان کی چھوٹی ہمشیرہ اور حافظ مشتاق کوریجو کے عزیز کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ آخر میں نوشہروفیروز پریس کلب کے سامنے بلوچستان کے بلدیاتی ملازمین کے دو سال سے واجبات اور پنشن کی عدم ادائیگی پر یکجہتی کے اظہار کے طور پر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کونسل نوشہروفیروز ایمپلائز یونین کے عہدیداروں سے حلف لیا گیا اور پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا گیا۔