وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا اعلان

ہفتہ عشق رسولﷺ12سے18ربیع الاول تک جاری رہے گا ، وزیراعظم عمران خان نے اس سلسلے میں حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 اکتوبر 2020 09:58

وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺمنانے کا اعلان کردیا گیا ، ہفتہ عشق رسولﷺ12سے18ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اورخاکوں کے معاملہ پر وزیر مذہبی امور کی طرف سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانےکی تجویز دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری کی تجویز سے اتفاق کیا ، اور انہوں نے ہفتہ عشق رسولﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ، جب کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق دیگر صوبے بھیہفتہ عشق رسولﷺمنائیں گے۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے آپ ﷺ کی شان میں گستاخی اور خاکوں کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ،وزیر اعظم عمران خان گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر مسلم حکمرانوں کو خطوط بھی لکھیں گے ، تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط تحریر کیے جائیں گے ، جن میں مسلم ممالک کو گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اتحاد اور یکجہتی کی درخواست کی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے فیس بک پر اسلام مخالف مواد پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا مواد نفرت، انتہاء پسندی اور پرتشدد واقعات کو فروغ دے رہا ہے، فیس بک پر ہولوکاسٹ پر تنقید کرنے پر پابندی قابل تعریف ہے، ہولوکاسٹ کی طرح اسلاموفویبا مواد پر بھی پابندی عائد کی جائے ، وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک پر اسلامو فوبیا مواد کو روکنے کیلئے چیف ایگزیکٹوآفیسر فیس بک مسٹر مارک زوکر برگ کو خط ارسال کیا ، جس کے متن میں وزیراعظم عمران خان نے فیس بک سی ای او کی اسلام کیخلاف توہین آمیز مواد کی جانب توجہ مبذول کروائی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فورمز بشمول فیس بک پر اسلامو فوبیا مواد کو پوری دنیا میں پھیلایا جارہا ہے ،جس سے نفرت ، انتہاء پسندی اور پرتشدد واقعات کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ، فیس بک کی جانب سے ہولوکاسٹ جو جرمنی اور یورپ میں یہودیوں کے نازی پوگرم کی انتہاء تھیلیکن فیس بک نے ہولوکاسٹ سے متعلق سوال اٹھانے اور تنقید مواد شائع کرنے پر پابندی عائد کردی تھی ، فیس بک کا یہ اقدام قابل تعریف ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ جس طرح فیس بک نے ہولوکاسٹ کیلئے اقدام اٹھایا اسلام مخلاف مواد پر پابندی لگانے کیلئے بھی ویسا ہی اقدام اٹھایا جائے۔