سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی

سعودی حکام کے مطابق اب تک6 لاکھ 59 ہزار افراد عمرہ ادا کرچکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 اکتوبر 2020 10:58

سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 اکتوبر2020ء) سعودی حکومت کی جانب سے اکتوبر کے مہینے میں عمرہ کی دوبارہ سے اجازت دی گئی تھی۔ جس کے باعث کئی ماہ سے عمرہ کی خواہش کو ترستے لوگوں نے دھڑادھڑ آن لائن درخواستیں جمع کروائی تھیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صرف ایک ماہ کے اندر 6 لاکھ 59 ہزار 400 افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مطابق عمرہ اور زیارت و نماز کی اجازت سے متعلق ’اعتمرنا ایپ‘ سے 12 لاکھ افراد مستفید ہوئے ہیں۔ جن میں سے 6 لاکھ 59 ہزار 400 افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے۔ 4 لاکھ 65 ہزار افراد نے مسجد الحرام میں نماز اادا کی ہے جبکہ باقی افراد نے روضہ شریف میں نماز پڑھی ہے اور حاضری دی ہے۔ وزارت کے مطابق اعتمرنا ایپ پر اندراج کروانے والوں میں 59 فیصد مقامی باشندے ہیں جبکہ 41 فیصد تارکین وطن ہیں۔

(جاری ہے)

جن میں سے مردوں کا تناسب 68فیصد اور خواتین کا تناسب 32 فیصد ہے۔ روضہ شریف میں 21 ہزار 599 مردوں نے نماز ادا کی ہے جبکہ خواتین نمازیوں کی گنتی 10,800 ہے ۔ اس کے علاوہ صلوٰة و سلام پڑھنے والوں کی گنتی 70 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں نے بھی عمرہ، زیارت روضہ شریف اور مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک کی زیارت اور اس متبرک مقام پر نماز کی ادائیگی کے لیے پہلے ’اعتمرنا‘ ایپ سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔ اجازت نامے کی تاریخ کے روز ہی روضہ اطہر کے احاطے میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ اس دوران کورونا سے متعلق حفاظتی تدابیر اور اقدامات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہو گا جن میں ماسک، سماجی فاصلہ اور سینٹائزیشن سے متعلق پابندیاں شامل ہیں۔اعتمرنا ایپ کے بغیر بغیر وہاں کسی کو نماز اور سلام کے لیے پہنچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔