شاہ محمود قریشی کا افغان وزیر خارجہ سے رابطہ ،افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستان، خوشحال، پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے ،خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں قیام امن کے ساتھ وابستہ ہے ، شاہ محمود قریشی دونوں وزرائے خارجہ کا افعان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

بدھ 28 اکتوبر 2020 14:34

شاہ محمود قریشی کا افغان وزیر خارجہ سے رابطہ ،افغان امن عمل ،خطے میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کر کے افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دیرینہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، خوشحال، پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے ،خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں قیام امن کے ساتھ وابستہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افغان شہریوں کی سفری مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کی سہولت کیلئے پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا۔ وزیر خارجہ نے، پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے افغان ویلوسی جرگہ کے اراکین کے ساتھ ہونیوالے ملاقات سے بھی افغان ہم منصب کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا بہترین موقع موجود ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا، افغان قیادت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں مستقل امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے، بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ضروری ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے افعان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔