وزیراعظم نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلم ممالک سربراہان کو خط لکھ دیا

ہمیں حضور پاک ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف اکٹھے ہو کر کھڑے ہونا ہو گا، آزادی اظہار رائے کے نام پر رسول اللہ ﷺ کی گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خط کا متن

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 28 اکتوبر 2020 16:19

وزیراعظم  نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلم ممالک سربراہان کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے فرانس میں رسول اللہ ﷺ کے گستاخانہ خاکے آویزاں کرنے کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا اور اب وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلم ممالک سربراہان کو باقاعدہ خط لکھ دیا۔وزیراعظم نے مسلم امہ کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ہمیں حضور پاک ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف اکٹھے ہو کر کھڑے ہونا ہو گا۔

مسلم امہ کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں مزید کہا کہ ہمیں اس گستاخی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہو گی۔انہوں نے خط میں مزید کہا کہ ہمیں مغرب کو بتانا ہو گا کہ اس گستاخی کی وجہ سے ہم کتنے دکھی ہیں۔عمران خان نے مسلمان ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کو بھرپور طریقے سے عالمی فورم پر اجاگر کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر رسول اللہ ﷺ کی گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حرمت رسول ﷺ کا معاملہ ہر پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے۔ مسلم ممالک کو خط لکھنے کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وزیراعظم مسلم ممالک کے سربراہان کو اتحاد و یکجہتی کی درخواست کریں گے، گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے تمام امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس صورتحال میں تمام عالم اسلام کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، تمام دنیا کو رسول اللہﷺ سے عقیدت و محبت کا پیغام دیا جائے گا، اور مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان کو کم کرنے کی کوششیں کرنے کے حوالے سے بھی درخواست کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی اجازت دینے اور مسلمانوں کیخلاف کریک ڈاون و ہرزہ سرائی کیے جانے پر پوری مسلم دنیا فرانس کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ فرانسیسی صدر کی جانب سے ناصرف گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو نہ روکنے کا اعلان کیا گیا، بلکہ مسلمانوں پر شدت پسندی کے حوالے سے بھی الزامات عائد کیے گئے۔