سمیت پٹیل لاہور قلندرز کو پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بنانے کے خواہاں

امید ہے کہ پی ایس ایل 5 کی ٹرافی اٹھا کر لاہور قلندرز کے شائقین کو خوشیاں دے سکتے ہیں : برطانوی آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 اکتوبر 2020 17:02

سمیت پٹیل لاہور قلندرز کو پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بنانے کے خواہاں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28اکتوبر 2020ء ) آل راؤنڈر سمیت پٹیل نومبر میں پی ایس ایل 5 کے پلے آف مرحلے کے آغاز پر اپنی فرنچائز لاہور قلندرز کو پہلی بار ٹائٹل جتوانے کے لیے بے چین ہیں ۔ کووڈ 19 کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کو ناک آؤٹ مرحلے سے قبل غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔ ایک ویڈیو پیغام میں بات کرتے ہوئے سمیت پٹیل نے کہا کہ وہ پاکستان واپس آنے اور ٹورنامنٹ کو شاندار انداز میں ختم کرنے کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پاکستانی میدانوں میں کھیلنے اور پی ایس ایل میں ان ایکشن ہونے کے لیے بے تاب ہیں ، انہیں امید ہے کہ وہ پی ایس ایل 5 کی ٹرافی اٹھا کر لاہور قلندرز کے شائقین کو خوشیاں دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے ’میں ہوں قلندر دل سے‘ کا نعرہ بھی لگایا ۔ سمیت پٹیل لاہور قلندرز کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور پی ایس ایل 5 میں انہوں نے 9 میچز میں 137 رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 9 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں ۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 5 کے فائنل سمیت باقی رہ جانے والے میچز لاہور میں دھند کے باعث کراچی منتقل کردیے ہیں۔ پی سی بی نے زمبابوے کےخلاف ہوم سیریز کے 3 ٹی 20 میچز بھی لاہور سے راولپنڈی منتقل کردیے۔