گزشتہ کئی سالوں سے زرعی شعبہ پیداواریت کے حوالے سے جمود کا شکار ہے جس کی وجہ سے آنے والے سالوں میں غذائی مسائل میں اضافہ وقوع پذیر ہونے کا امکان ہے: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں

ان باتوں کا اظہار انہوں نے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم خاں کی مدت ملازمت کی تکمیل پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا

بدھ 28 اکتوبر 2020 17:23

گزشتہ کئی سالوں سے زرعی شعبہ پیداواریت کے حوالے سے جمود کا شکار ہے جس ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے زرعی شعبہ پیداواریت کے حوالے سے جمود کا شکار ہے جس کی وجہ سے آنے والے سالوں میں غذائی مسائل میں اضافہ وقوع پذیر ہونے کا امکان ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم خاں کی مدت ملازمت کی تکمیل پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کو پریسیئن ایگریکلچر کے رحجانات اپناتے ہوئے ملکی زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی ورنہ آٹے اور چینی کے بحران جیسے مسائل پیدا ہوتے رہیں گے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ اس وقت کرونا کی تباہ کاریوں کے باعث سائنسی کمیونٹی اکٹھی ہو کر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے میں دقت محسوس کر رہی ہے جسے آن لائن ریسورسز کے ذریعے قابل عمل بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ماضی قریب میں پالیسی سازی کے حوالے سے ملکی و صوبائی سطح پر نمایاں کردار ادا کر چکی ہے جسے حالیہ چیلنجز کی روشنی میں مزید موثر بنایا جائے گا۔ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد اسلم خاں تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ علم و ادب کے میدان میں بھی انتہائی متحرک شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی کے چیف لائبریرین کے طور پر علم و ادب کے ساتھ ساتھ کتاب بینی کی طرف نوجوان نسل کو متوجہ کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے۔ سابق ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم خاں نے کہا کہ استاد ایک کردار کا نام ہے جو مثالی امور سرانجام دیتے ہوئے نئی نسل کے لئے عملی نمونہ پیش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تعلیمی و تحقیقی سفر کے دوران وقت کی پابندی کے ساتھ ساتھ محنت کو اپنا شعار بنا کر انہوں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔

ڈاکٹر محمد اسلم خاں نے کہا کہ زرعی سائنسدان دیگر سائنسدانوں کے مقابلے میں اس لئے بھی اہمیت کے حامل ہیں کہ وہ مخلوق خدا کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ یونیورسٹی کی سب سے بڑی فیکلٹی کو ملکی و صوبائی سطح پر زرعی تحقیق و تعلیم کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے عہدہ برآء ہونے کے لئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی اور ڈاکٹر محمد اسلم خاں کے مشن کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔

چیئرمین شعبہ پلانٹ پتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر نذیر جاوید نے کہا کہ پلانٹ پتھالوجی نے یونیورسٹی کو بہت قابل سائنسدان دیئے ہیں جن میں ڈاکٹر محمد اسلم خاں ایک منفرد شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ امور میں ہمیشہ میرٹ اور جانفشانی کو مدنظر رکھا کرتے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے جو کہ تقریب کے منتظم بھی تھے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم خاں کی سرپرستی میں انہوں نے کلیہ زراعت کے سامنے شاندار تالاب اور اس میں رنگ برنگے فوارے یونیورسٹی کے وسائل بروئے کار لائے بغیر نہ صرف نصب کروائے بلکہ یہاں ٹف ٹائلز لگا کر ایک دیدہ زیب روپ دینے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے کلیہ زراعت کے اس خوبصورت منظر کو دیگر کلیہ جات میں دہرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ کی مدد سے اس قسم کے خوشگوار اور خوبصورت مناظر زیادہ سے زیادہ قائم کئے جانے چاہیں تاکہ لوگوں کو یونیورسٹی میں نئے پن کا احساس ہو سکے۔