اسلامی نظریاتی کونسل نے سیدپور میں مندر کھولنے کی حمایت کر دی

وفاقی دارالحکومت میں واقع سیدپور مندر کو قومی ورثہ قرار دے کر بند کردیا گیا تھا، جس کے بعد سے ہندو برادری عبادت کے لیے نیا مندر بنوانا چاہتی تھی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 28 اکتوبر 2020 19:25

اسلامی نظریاتی کونسل نے سیدپور میں مندر کھولنے کی حمایت کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) اسلامی نظریاتی کونسل نے اسلام آباد میں ہندو برادری کے لیے مندر کھولنے کی سفارش کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلاامی نظریاتی کونسل نے سید پور میں واقع مندر کو ہندو برادری کے لیے کھولنے کی حمایت کردی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے کہا گیا کہ سید پور میں ہندو برادر ی کے لیے مندر کھولا جائے، ہندو برادری سید پور میں شمشان گھاٹ (قبرستان) اور مذہبی تقریبات و تہوار منانے کے لیے کمیونٹی سنٹر بھی بنا سکتے ہیں، ان کو اجازت دی جانی چاہیے۔

حکومت ہندو برادری کی فلاح و بہبود کے لیے رقم مختص کر سکتی ہے البتہ غیر سرکاری عبادت گاہوں کیلئے سرکاری فنڈز مختص کرنے کی حمایت نہیں کی جاسکتی لہٰذا بطور پاکستانی شہری حکومت ہندو برادری کی فلاح و بہبود کے لیے الگ سے رقم مختص کر سکتی ہے. واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں ایک چھوٹا سا مندر تھا جس کی اس وقت تعمیرِ نو کی گئی جب اس علاقے کو قومی ورثہ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ ایک علامتی عمارت تھی، اسے قومی ورثہ قرار دے کر عبادت کے لیے بند کردیا گیا تھا، جس کے بعد ہندو برادری اسلام آباد میں مندر بنوانا چاہتے تھے، کچھ عرصہ قبل حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں نیا مندر تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ لیکن کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد میں پہلے ہندو مندر کی تعمیر کے لئے زمین مختص کیے جانے کے چند روز بعد اس کی تعمیر کو روک دیا گیاتھا، علماء اور کئی سیاسی شخصیات کی جانب سے مندر کی تعمیر کی مخالفت پر تنازعہ پیدا ہو گیاتھا، جس کے بعد مندر کی تعمیر روک دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :