ترکی کی قومی اسمبلی نے فرانسیسی صدر کو ملعون قرار دے دیا

فرانسیسی صدر کی جانب سے اسلام مخالف اور گستاخانہ خاکوں کی حمایت میں بیانات دینے کی وجہ سے لعنت کا حقدار قرار دیا گیا، ملعون قرار دیے جانے کی قرارداد کا متن

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 28 اکتوبر 2020 20:40

ترکی کی قومی اسمبلی نے فرانسیسی صدر کو ملعون قرار دے دیا
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) ترکی کی قومی اسمبلی نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو ملعون قرار دینے کی قرارداد منظور کرلی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر کو ملعون قرار دینے کی قرارداد کی منظوری قومی اسمبلی کی جنرل کمیٹی نے دی ہے۔ جنرل کمیٹی کا کہنا ہے کہ قرارداد کو فرانسیسی صدر کی جانب سے اسلام مخالف اور گستاخانہ خاکوں کی حمایت میں بیانات دینے کی وجہ سے منظور کیا گیا ۔

قرارداد میں فرانسیسی صدر کو ملعون قرار دیا گیا جبکہ مغربی اقوام سے درخواست کی گئی کہ وہ اسلام سے متعلق اپنے رویوں پر نظر ثانی کریں۔ ترکی کی قومی اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ترکی فرانس کے صدر کے اسلام ، پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰﷺ اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور گستاخانہ بیانات پر پوری شدت سے لعنت بھیجتا ہے اور ان کے بیانات کو مسترد کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ترکی کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ ترک صدر طیب اردگان نے فرانسیسی صدر کو دماغی مریض قرار دیا تھا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اسلامی ممالک کے سربراہان کو خطوط لکھے ہیں اور پاکستان کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔ عمران خان نے اسلامی ممالک کے سربراہان کو لکھے گئے خطوط میں درخواست کی ہے تمام عالم اسلام مل کر رسول اللہ ﷺ کی شان سے دنیا کو آگاہ کریں، دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کیخلاف اقدامات کریں ۔