ریاست پاکستان نے 73سالوں سے کشمیری عوام کا ساتھ دیا ‘سردارمسعودخان

کشمیر کے معاملے پر بھارت سے نہ سودا ہوا ہے اورنہ سودا ہو سکتا ہے‘صدرآزادجموں و کشمیر

بدھ 28 اکتوبر 2020 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان نے 73سالوں سے کشمیری عوام کا ساتھ دیا اور بھرپورطریقے سے سیاسی و سفارتی سطح پراس مسئلہ کو اجاگر کیا جا رہاہے،کشمیر کے معاملے پر بھارت سے نہ سودا ہوا ہے اورنہ سودا ہو سکتا ہے، پاکستان اور آزاد کشمیرکی عوام متحد اور متفق ہیں، مودی صرف ایک قوم سے ڈرتا ہے اور وہ قوم پاکستانی قوم ہے۔

لاہور پریس کلب کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘میںمیں اظہارخیال کرتے ہوئے پریس کلب میں مدعو کرنے پر لاہور پریس کلب کی باڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں کشمیر کے مسئلے کو بہترین اندازمیں اجاگر کرنے پر لاہور کے صحافیوں کاتہ دل سے مشکورہویں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ سیاسی مفادات بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیری عوام کی بات کریں،جب تک آزادی کشمیر کی تحریک کو بین الاقوامی سیاسی و عوامی تحریک نہیں بنائیں گے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا۔

انھوںنے مزید کہاکہ انڈیا کہہ رہا ہے کہ کشمیر میں دہشت گردی سے لڑ رہے ہیں اورایساپروپیگنڈہ کرتاہے کہ صرف چند دہشت گردہیں جو یہاں تعینات 9 لاکھ فوج سے برسرپیکارہیں جب کہ ساری دنیاجانتی ہے کہ کشمیر ی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیںاور یہ کشمیریوں کا حق ہے کہ وہ اپنے خلاف جارحیت کا دفاع کریں،ہندوستان دنیاکے سامنے حالات کو مسخ کرکے پیش کرتاہے لہذاسفارتی سطح پر ہمیں ہندوستان کا اصل چہرہ دکھانے کے لئے دبائو بڑھاناچاہیے۔

ان کا کہناتھاکہ منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردانہ اندازمیں بین الاقوامی معاہدات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ہندوستان سے ہندئووں کو لاکر کشمیر میں بسایا جا رہا ہے تاکہ یہاں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کیاجاسکے، کشمیری لیڈرز اپنی رہائش گاہوں میں محصور ہیں۔انھوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں بڑے پیمانے پر ایک عوامی تحریک ہونی جو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے دنیا کو ّآگاہ کرے ۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی عوام خصوصا صحافی برادری کشمیریوںکے ساتھ ان کی جدوجہد میں برابرکی شریک ہے ، کشمیر ہماراحصہ ہے اور ایک دن کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمان کو لاہورپریس کلب کی تاحیات اعزاری ممبرشپ کاسرٹیفکیٹ اور پھول پیش کئے گئے۔