امریکہ بھارت دفاعی معاہدہ، پاکستان اور چین نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا

بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزام لگا کر کشمیر میں ریاستی دہشت گردی پر پردہ نہیں ڈال سکتا، امریکہ بھارت معاہدے سے خطے میں طااقت کا توازن خراب ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 28 اکتوبر 2020 21:40

امریکہ بھارت دفاعی معاہدہ، پاکستان اور چین نے شدید تحفظات کا اظہار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) چین اور پاکستان نے بھارت اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے پر تحفظات کا اظہار کردیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت امریکہ مشترکہ بیان میں پاکستان کے متعلق دیے گئے ریمارکس گمراہ کن ہیں۔

مشترکہ بیان میں پاکستان کے خلاف یکطرفہ دعوے کیے گئے ہیں۔ بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزام لگا کر کشمیر میں ریاستی دہشت گردی پر پردہ نہیں ڈال سکتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز سنگین مظالم اور انسانی اقدار کی خلاف ورزیوں سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا بھی مرتکب ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ اور بھارت کے درمیان معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہوگا ۔

دوسری جانب امریکہ و بھارت کے دفاعی معاہدے کے بعد چین نے بھی اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، معاہدے کو خطے میں امن اور طاقت کا توازن خراب کرنے کا پیش خیمہ کہا جا رہا ہے ۔ چین نے کہا ہے کہ امریکا بیجنگ اور علاقائی ممالک کے مابین نفرت کے بیج بو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ بھارت سے متعلق اپنے ردعمل میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ویبن نے کہا کہ پومپیو کے چین پر الزامات اور حملے کوئی نئے نہیں، یہ بے بنیاد الزامات ہیں جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ امریکہ ابھی تک نظریاتی تعصبات اور سرد جنگ کی ذہنیت میں ہی پھنسا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت اور امریکہ کے درمیان حساس سیٹلائیٹ ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے ایک دفاعی معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق اس حساس ڈیٹا کی مدد سے بھارت اس قابل ہو جائے گا کہ وہ میزائلوں، ڈرونز اور دیگر اہداف کو درست اور بالکل ٹھیک ٹھیک انداز سے نشانہ بنے سکے گا۔