کورونا کے پھیلاو میں پھر تیزی ، 908 نئے کیسز رپورٹ ، 16 افراد چل بسے

پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 775 ہوچکی ، فعال کیسز کی تعداد 11ہزار695 تک پہچ گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 10:14

کورونا کے پھیلاو میں پھر تیزی ،  908 نئے کیسز رپورٹ ، 16 افراد چل بسے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 16 افراد جان کی بازی ہار گئے ، عالمی وباء کے 908 نئے کیسز سامنے آگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 775 ہوچکی ہے ، جہاں‌ اب تک مجموعی طور پر کورونا کے 3 لاکھ 31 ہزار 108کیسزرپورٹ ہوئے ، جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 11ہزار695 رہ گئی ہے ، تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 908 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہپنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 3ہزار 587 ہوچکی ہے ، جہاں اب تک 2 ہزار 347افراد جان انتقال کرچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 44ہزار 765تک پہنچ چکی ہے ، جہاں اب تک 2 ہزار 611 افراد خالق حقیقی سے جا ملے ، صوبہ خیبرپختون خوا میں عالمی وباء سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 39 ہزار 277 ہوچکی ہے ، جن میں سے 1273 افراد لقمہ اجل بن گئے ، صوبہ بلوچستان میں کورونا کے اب تک 15ہزار 876کیسز رپورٹ سامنے آئے ، جن میں سے 149 مریض انتقال کرگئے ، اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپر کیسز کی تعداد 19ہزار454 رہی اور اموات کی تعداد 215 تک پہنچ چکی ہے ، گلگت بلتستان میں اب تک 4 ہزار211 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ، جب کہ 92 افراد جان کی بازی ہار گئے ، آزاد جموں و کشمیرمیں کورونا وائرس سےمتاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار938 بتائی گئی ، جن میں سے 88 افراد چل بسے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک میں سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا گیا ، تایا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر اسد عمر نے کی ، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ تفریحی اور کاروباری مقامات کو جلد بند کیا جائے ، تفریحی مقامات شام 6 بجے جبکہ تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ شہریوں کے لیے ماسک کا استعمال بھی لازمی قرار دے دیا گیا ۔