وزیراعظم نے حضرت محمد ﷺ سے متعلق فرانسیسی مصنف کا قول پسندیدہ قرار دیدیا

ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بارے میں میرے پسندیدہ اقوال میں سے ایک یہ ہے ، عمران خان نے الفونسے ڈی لامرٹائن کا ایک قول ٹوئٹر پر شیئر کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 10:53

وزیراعظم نے حضرت محمد ﷺ سے متعلق فرانسیسی مصنف کا قول پسندیدہ قرار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ سے متعلق فرانسیسی مصنف کے قول کو پسندیدہ قرار دے دیا ، انہوں نے کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ سے متعلق فرانس کے مصنف کا قول میرے پسندیدہ ترین اقوال میں سے ایک ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حضرت محمدﷺ کے حوالے سے فرانس کے مصنف الفونسے ڈی لامرٹائن کا ایک قول شیئر کر دیا ، جس میں فرانسیسی مصنف نے حضرت محمدﷺ کی شخصیت کو دنیا میں لاثانی قرار دیا تھا ، اپنی پوسٹ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بارے میں میرے پسندییدہ اقوال میں سے ایک یہ ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کو بھرپور طریقے سے عالمی فورم پر اجاگر کر رہے ہیں ، انہوں نے فرانس میں رسول اللہ ﷺ کے گستاخانہ خاکے آویزاں کرنے کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا اور گستاخانہ خاکوں کے خلاف مسلم ممالک سربراہان کو باقاعدہ خطوط بھی لکھ دیے ، عمران خان نے مسلمان ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھے ، وزیراعظم کی طرف سے مسلم امہ کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ہمیں حضور پاک ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف اکٹھے ہو کر کھڑے ہونا ہو گا ، مسلم امہ کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں مزید کہا کہ ہمیں اس گستاخی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہو گی ، ہمیں مغرب کو بتانا ہو گا کہ اس گستاخی کی وجہ سے ہم کتنے دکھی ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺمنانے کا اعلان کردیا گیا ، ہفتہ عشق رسولﷺ12سے18ربیع الاول تک جاری رہے گا ، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اورخاکوں کے معاملہ پر وزیر مذہبی امور کی طرف سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانےکی تجویز دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری کی تجویز سے اتفاق کیا ، اور انہوں نے ہفتہ عشق رسولﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ، جب کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق دیگر صوبے بھی ہفتہ عشق رسولﷺمنائیں گے۔