جنوبی افریقی ٹیم کے ایک دہائی سے زیادہ عرصے بعد دورہ پاکستان کے امکانات مزید بڑھ گئے

جنوبی افریقی ٹیم کو جنوری 2021ء کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 اکتوبر 2020 11:48

جنوبی افریقی ٹیم کے ایک دہائی سے زیادہ عرصے بعد دورہ پاکستان کے امکانات ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29اکتوبر 2020ء ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے 2007ء کے بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کے امکانات میں مزید اضافہ ہوگیا، دورے کو گرین سگنل دینے کے لیے جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا سکیورٹی وفد اگلے ہفتے پاکستان آئے گا ۔ مہمان ٹیم کے مجوزہ دورے کے انتظامات دیکھنے کے لیے جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد 2 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے ، پی سی بی کے مطابق اس وفد کی قیادت پروٹیز کرکٹ آپریشن مینجر مائیک گجر کریں گے جب کہ ان کے ساتھ آنے والے دیگر اراکین میں جنوبی افریقی پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے سٹیفن کریگ کوک، سکیورٹی کنسلٹنٹ روری سٹین اور ٹیم سکیورٹی منیجر محمد زنید وادی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی وفد اس دورے کے دوران اعلی سکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم، قذافی سٹیڈیم ،لاہور اور نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ،کراچی میں سکیورٹی انتظامات اور بائیو سیکیور ببل کے انتظامات کا بھی جائزہ لے گا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقی بورڈ کے نمائندے راولپنڈی میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ بھی دیکھیں گے اور پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کی جانب سے مہمان وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جنوبی افریقی ٹیم کے ممکنہ دورے کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر بریفنگ بھی دی جائے گی ۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کو جنوری 2021ء کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، مہمان ٹیم کے دورے آغاز 26 جنوری سے کراچی ٹیسٹ کے ذریعے کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ جنوبی افریقہ نے 08-2007ء میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا جو سابق کپتان انضمام الحق کی آخری سیریز تھی تاہم اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ہیں۔