2020 کو انتہائی چیلنج والے سال کے طورپر یاد رکھا جائے گا،سعودی وزیر خزانہ

جی ٹوئینٹی نے اس وبا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے 11 ہزار ارب ڈالر عالمی معیشت میں شامل کیے ہیں،خطاب

جمعرات 29 اکتوبر 2020 12:23

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں اقتصادی ، سماجی اور صحت کی بے نظیرمشکلات کا سلسلہ جاری ہے،اس کے پیش نظر 2020 کو ہمیشہ حکومتوں ، معیشتوں اور افراد کی یادداشت میں سب سے زیادہ چیلنج والے سال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق محمد الجدعان تیئسیویں عرب ،جرمن بزنس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ گروپ 20 کے رکن ممالک نے اس سال کرونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے 11 ہزار ارب ڈالر عالمی معیشت میں شامل کیے ہیں۔سعودی عرب اس سال گروپ 20 کے صدر ملک کی حیثیت سے کرونا کی وبا سے نمٹنے اور عالمی معیشت کی بحالی میں مدد دینے کے لیے کاوشوں میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

کووِڈ19کے بحران کی وجہ سے عالمی معیشت کو کسادبازاری کا سامنا ہے اور ماہرین کا کہنا تھا کہ اس کے اثرات ایک صدی قبل کی عالمی کساد بازاری ایسے ہوسکتے ہیں۔

اس بحران کے باجود سعودی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے گروپ 20 کے زیرقیادت انسانی زندگیوں اور ان کے معاش کو بچانے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے ہیں۔جی 20 نے کووِڈ19سے نمٹنے کے لیے صحتِ عامہ کے عالمی نظام کو 21 ارب ڈالر کی خطیر رقم مہیا کرنے کے وعدے کیے ہیں۔اس کے علاوہ معاشی طور پر زبوں حال ممالک کے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کے لیے 14 ارب ڈالر دیے ہیں۔یہ رقم جی 20 کے قرضہ سروس معطلی اقدام کے تحت دی گئی ہے۔