ڈیوڈ ویئیسے کا پی ایس ایل 5میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

کوشش کریں گے کہ لاہور قلندرز کے مداحوں کو پی ایس ایل ٹرافی جیت کر جشن منانے کا موقع فراہم کریں:جنوبی افریقی آل راؤنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 اکتوبر 2020 14:29

ڈیوڈ ویئیسے کا پی ایس ایل 5میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29اکتوبر 2020ء ) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی آل راؤنڈر ڈیوڈ ویئیسے نے پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کردیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں 35 سالہ ڈیوڈ ویئیسے کا کہنا تھا کہ کسی کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ایک بار پھر اتنی جلدی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، لاہور قلندرز کے کھلاڑی پی ایس ایل 5میں اپنی فار م حاصل کرچکے تھے اور پوری کوشش کریں گے کہ لاہور قلندرز کے مداحوں کو پی ایس ایل ٹرافی جیت کر جشن منانے کا موقع فراہم کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنی ذاتی کارکردگی پر ٹیم کو کامیابی دلانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ڈیوڈ ویئیسے کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا میعار زبردست ہے اور لوکل ٹیلنٹ نے اس لیگ کو چار چاند لگا دیئے ہیں، شاہین آفریدی،حارث رؤف اور فخر زمان اس وقت شاندار فارم میں ہیں جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈیو ڈ ویسئے نے لاہور قلندرز کے ڈویولپمنٹ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمومی طور پر دنیا کی کوئی فرنچائز اپنے کھلاڑیوں کے لیے ایسے اقدامات نہیں کرتی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلوی بلے باز بین ڈنک بھی پی ایس ایل 5کے بقیہ میچز میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کرچکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں سموگ کے پیش نظر پی ایس ایل 5کے فائنل سمیت دیگر میچز لاہور سے کراچی منتقل کردیئے ہیں۔