امریکہ کا مالدیپ میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

یہ اقدام امریکہ کی مالدیپ اور انڈو پیسیفک خطے کے لئے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے،مائیک پومپیو

جمعرات 29 اکتوبر 2020 15:03

امریکہ کا مالدیپ میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) امریکہ نے مالدیپ میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے، تا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور سلامتی سے متعلق تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ امریکہ کے مالدیپ کے ساتھ گزشتہ پانچ عشروں سے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو نے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح اور وزیر خارجہ عبداللہ شاہد سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے امریکہ اور مالدیپ کے درمیان فروغ پاتے تعلقات، امریکہ کی مالدیپ اور انڈو پیسیفک خطے کے لئے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکہ کا فی الحال مالدیپ میں سفارت خانہ نہیں ہے۔ تاہم مالی میں ایک امریکن سینٹر قائم ہے۔ مالدیپ سے متعلق امور کو سری لنکا میں امریکی سفیر اور سفارت خانے کا عملہ دیکھتا ہے اور گاہے بگاہے وہاں کا دورہ بھی کرتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پومپیو کے جنوبی ایشیائی ریاستوں کے دورے سے پہلے، 10 ستمبر کو امریکہ نے مالدیپ کے ساتھ ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے تا کہ بحرِ ہند میں امن اور سلامتی کے لیے تعاون کو ٹھوس بنایا جائے۔

بھارت تاریخی طور پر اپنی سرحدوں کے قریب غیر ملکی موجودگی کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ تاہم، امریکی عہدیداروں کے مطابق، اس بار اس نے اس معاہدے کی حمایت کی ہے۔امریکی عہدیداروں کے مطابق مالدیپ کے بعد مائیک پومپیو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ پہنچیں گے، جہاں وہ مذہبی آزادیوں اور انسانی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ انڈونیشیا دنیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی کا ملک ہے۔