کورونا کیسز میں اضافہ ، حکومت کا اگلے ہفتے مزید سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ

کورونا وبا کے پیش نظر اگلے ہفتے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں ، سیاسی جلسوں اور ریلیوں کے پیش نظر جلد نئی ایس او پیز بھی جاری کریں گے ، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 14:56

کورونا کیسز میں اضافہ ، حکومت کا اگلے ہفتے مزید سخت پابندیاں لگانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث حکومت کی طرف سے اگلے ہفتے مزید سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دے دیا گیا ، ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر اگلے ہفتے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں ، سیاسی جلسوں اور ریلیوں کے پیش نظر جلد نئی ایس او پیز بھی جاری کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے ، اگر کورونا کیسز کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا تو یہ پاکستان کے اندرونی حالات کی وجہ سے ہوگا ، کورونا کی دوسری لہر کے دوران کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فیس ماسک کا استعمال ، سماجی فاصلے کو یقینی بنانا اور ہاتھوں کی صفائی کرنے سے ہی بچت ممکن ہے ، اس حوالے سے حکومت کی طرف سے عوام اور ملکی صورتحال کو دیکھا جارہا ہے ، اگر کیسز ایسے ہی بڑھے تو اس بناء پر حکومت کو اگلے ہفتے مجبوری کے تحت سخت فیصلے کرنا ہوں گے اور اگلے ہفتے ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے ہم مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان میں جاری کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کا ٹرائل 2 ماہ میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تیار کی گئی 4 مختلف ویکسین کے ٹیسٹنگ اور ان کے ٹرائل کا عمل شروع کردیا گیا ہے ، ان چار ویکسین میں سے 2 چینی کمپنیوں کی تیار کردہ ہیں ، جب کہ دیگر 2 مغربی ممالک کی ویکسین ہیں جن کا ٹرائل اور ٹیسٹنگ کا عمل اس وقت جاری ہے ، کورونا سے بچاؤ کی ان ویکسین کا ٹرائل آئندہ 2 ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔