اشتہاری ملزمان کو چھاپوں کی پیشگی اطلاع دینے والے 5 ایس ایچ اوز معطل

آئی جی سندھ نے ضلع قمبر، شہداد کوٹ اور دادو کے 5 ایس ایچ اوز کو اشتہاری ملزمان کے ساتھ رابطوں میں رہنے پر معطل کیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 15:49

اشتہاری ملزمان کو چھاپوں کی پیشگی اطلاع دینے والے 5 ایس ایچ اوز معطل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) صوبہ سندھ میں اشتہاری ملزمان کے ساتھ رابطوں اور انہیں چھاپوں کی اطلاع دینے پر 5 ایس ایچ اوز کو معطل کردیا گیا۔ ترجمان سندھ پولیس نے بتایا ہے کہ انسپیکٹر جنرل سندھ مشتاق احمد مہر کی طرف سے اشتہاری ملزمان کے ساتھ رابطوں میں رہنے پر صوبہ سندھ کے ضلع قمبر، شہداد کوٹ اور دادو کے 5 ایس ایچ اوز کو معطل کیا گیا ، اس کے علاوہ آئی جی سندھ نے صوبے کے تمام اضلاع میں سیاسی بنیادوں پر تعینات کیے گئے ایس ایچ اوز کی تعیناتی کا بھی نوٹس لے لیا گیا۔

میڈیا ذرائع نے پولیس حکام کے حوالے سے انکشاف کیا کہ سندھ پولیس کے بعض ایس ایچ اوز اشتہاری ملزمان کے ساتھ رابطوں میں پائے گئے ، جن میں سے بعض ایس ایچ اوز سیاسی اورجرائم کی پشت پناہی کرنے والے بااثر افراد کی سفارش پر سندھ پولیس میں تعینات کیے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف آئی جی سندھ نے پشاور دیر کالونی مدرسہ میں بم دھماکے کے بعد سندھ پولیس کوبھی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو جاری کیے گئے اپنے ایک حکم نامے میں آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کہا ہے کہ صوبائی سطح پر سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات کو مزید سخت کیاجائے ، پولیس پیٹرولنگ، پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کوموثر اور کامیاب بنایا جائے۔ اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے آئی جی سندھ  کی طرف سے حکم دیا گیا ہے کہ ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز علاقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں ، تمام مساجد،امام بارگاہوں اوردیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی کوغیرمعمولی بنایا جائے ، 12ربیع الاول،جشن عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر سیکیورٹی حکمت عملی ولائحہ عمل کو ترتیب کردہ پلان کے عین مطابق یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :