عید میلادالنبی ﷺ ، اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا ، نوٹی فکیشن جاری

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 16:24

عید میلادالنبی ﷺ ، اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 30 اکتوبر کو منائی جانے والی عید میلادالنبیﷺ پر سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا ، جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں 30 اکتوبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کردیا گیا ، تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اس سال 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبی ﷺ 30 اکتوبر کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ، اس موقع پر مسجد، گلیوں اور چوک چوراہوں کے علاوہ سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا ، مختلف شہروں میں ماہ مقدس ربیع الاول کے تقدس کو پیش نظر رکھتے ہوئے محافل میلاد کا آغاز کر دیا گیا ہے ،اس حوالے سے ہونے والی تقاریب میں حمد و نعت کے علاوہ درود و سلام ذکر و اذکار بھی کیا جاتا ہے، جس سے شرکائے محفل اپنے دلوں کو منور کرتے ہیں اور اپنی روح کو تازگی بخشتے ہیں ، ماہ ربیع الاول میں منائی جانے والی عید میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کی سب سے بڑی عید ہے ، کیوں کہ یہ وہ خوشی ہے جس کا عاشقان مصطفیٰ ﷺ کو سارا سال انتظار رہتا ہے ، ماہ ربیع الاول کو شاندار انداز میں منانے کا بہترین طریقہ صبح و شام دن و رات درودوسلام کی محافل کا انعقاد ہے ، اس بابرکت دن کے حوالے سے حکومت کی طرف سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے ، جس کا وزارت داخلہ کی طرف سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺمنانے کا اعلان کردیا گیا ، ہفتہ عشق رسولﷺ12سے18ربیع الاول تک جاری رہے گا ، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اورخاکوں کے معاملہ پر وزیر مذہبی امور کی طرف سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانےکی تجویز دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری کی تجویز سے اتفاق کیا ، اور انہوں نے ہفتہ عشق رسولﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ، جب کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق دیگر صوبے بھی ہفتہ عشق رسولﷺمنائیں گے۔