سیالکوٹ،ماڈل کورٹ سے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو موت و عمر قید ،دو ملزموں کو عمر قید کی سزا کا حکم سنا دیا گیا

جمعرات 29 اکتوبر 2020 16:52

سیالکوٹ،ماڈل کورٹ سے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو موت و عمر قید ،دو ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) ماڈل کورٹ سے قتل کے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم کو موت و عمر قید اور دو ملزموں کو عمر قید کی سزا و 31 لاکھ روپے مقتولین کے ورثاء کو بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم سنا دیا گیا۔ ماڈل کورٹ تھانہ کینٹ کے علاقہ بھوتھ کا قتل کا مقدمہ ملزمان اکرم عرف پپو،عمران عرف مانی اور ملک عمر کے خلاف زیر سماعت تھا۔

مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے کے پر فاضل عدالت کے جج ریاض احمد نے ملزم عمران عرف مانی کو موت اور عمر قید کی سزا کا حکم سنایا جبکہ ملزمان اکرم عرف پپو اور ملک عمر دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا کا حکم سنایا۔فاضل جج نے مذکورہ ملزمان کو دس دس لاکھ روپے مقتولین کے ورثاء کو بطور معاوضہ ادا کر نے کا حکم سنایا۔عدم ادائیگی معاوضہ کی صورت میں ملزمان کو مزید ایک ایک سال قید بھگتنا ہوگی۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے یکم اپریل 2018ء کو سابق رنجش کی بناء پر آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کرکے محمد سلیم اس کی بیوی ساجدہ بی بی اور ایک راہگیر شیر محمد کو شدید زخمی کر دیا تھا جبکہ محمد سلیم اور شیر محمد زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئے اور ساجدہ بی بی بچ گئی تھی۔ملزمان نے محمد سلیم کے بھائی محمد عظیم کو اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔فاضل جج نے مغوی عظیم کو بھی ایک لاکھ معاوضہ ادا کرنے کا حکم سنایا۔استغاثہ کی پیروی وکیل سید غلام عباس نقوی نے کی۔