نبی اکرمؐ کی ذات بابرکات مسلمانوں کیلئے مینار نور اور محبت اور عقیدت کا مرکز ہے، سردار عتیق

عید میلاد النبیؐ پر مسلمانوں کو اتحاد کاعزم کرکے دنیا میں نفرت پھیلانے والوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کا عہد کرنا چاہیے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 29 اکتوبر 2020 16:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہاکہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر مسلمانوں کو اتحاد ،یکجہتی کاعزم کرتے ہوئے دنیا بھر میں نفرت پھیلانے والوں کے مکروہ منصوبوں کو ناکام بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی ذات بابرکات مسلمانوں کیلئے مینار نور اور محبت اور عقیدت کا مرکز ہے ۔

آپ کی نسبت کی پیروی ہی انسانیت کی فلاح اور بہبود ہے۔ آپ کا پیغام امن سلامتی، اتحاد ہے۔ آج دنیا میں کچھ شرپسند عناصر مذہبی اور نسلی تعصب میں اندھے ہو کر پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل زخمی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم کو روکانہ کیاتو دنیا میں امن واستحکام کبھی قائم نہیں ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی سطح پر نفرت انگیز رویوں کے خلاف اقدامات اٹھائے جانے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکے مغرب کی بیمار ذہنیت کا ثبوت ہیں اور ایسے عناصر فساد اور تباہی کے سواء کچھ اور نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی سنت کی پیروی میں ہی دین ودنیا کی فلاح ہے۔ مسلمانوں کے لیے نجات کاراستہ بھی یہی ہے کہ وہ سنت رسولﷺ کی پیروی کریں۔