امیرجماعت اسلامی سندھ کا12ربیع الاول پرپیغام

عشق مصطفیؐ کا تقاضہ ہے کہ نظام مصطفیٰ کیلئے جدوجہد کی جائے،محمد حسین محنتی

جمعرات 29 اکتوبر 2020 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عشق مصطفیؐ کا تقاضہ ہے کہ کہ نظام مصطفیٰ ؐکے نفاذ کیلئے جدوجہد تیز کی جائے، آج کی سسکتی اوربھٹکی ہوئی انسانیت کو چین وسکون اور اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے زندگی کے ہر دائرے میں سیرت رسولؐ پر عمل کرنا ہوگا۔

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں صوبائی امیر نے مزید کہا کہ رسول اللہﷺ خاتم النبیین سے محبت، ایمان کی مکمل اور جنت کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ آپؐ کی سنتوں پر عمل کیا جائے۔ آج جو دنیا میں فساد، مہنگائی ،بے روزگاری اور دشمن کی یلغار ہے اس کی واحد وجہ دین سے دوری اور سنت رسولؐ پر عمل نہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے فرانس کے صدر سمیت دیگر غیروں و اسلام دشمن لوگوں کو اسلام و شعائر کے خلاف ہرزہ سرائی کا موقع ملتا ہے۔

نظام مصطفیٰ کا نفاذ اور سنت رسولؐ پر مکمل عمل کیا جائے تو کسی کو بھی ایسی حرکت کی جرات نہیں ہوگی۔ امت مسلمہ کو آپس میں اتحاد و یکجہتی اور عہد کرنا چاہیے کہ وہ خون کے آخری قطرے تک نظام مصطفیٰ کے نفاز کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اسی میں ہی پوری انسانیت کی کامیابی ہے کیونکہ نبی مہربانؐ نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کیلئے رحمة العالمین بن کر تشریف لائے تھے۔