آئی جی پنجاب انعام غنی سے ائیر وائس مارشل ظفر اسلم کی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات

دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امورسمیت پیشہ ورانہ تعاون اور رابطہ کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 29 اکتوبر 2020 20:02

آئی جی پنجاب انعام غنی سے ائیر وائس مارشل ظفر اسلم کی سنٹرل پولیس آفس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں کے مطابق شہریوں کی سہولت کیلئے پبلک سروس ڈلیوری کوبہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس کے تربیتی معیار کو بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ ماڈیولز کومسلسل اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ، سپیشل پروٹیکشن یونٹ ،ڈولفن ، پیرو، اینٹی رائٹ سمیت سپیشلائزڈ فورسز کی تشکیل سے پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافے سے عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مدد مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میںقائم پولیس خدمت مراکز سے اب تک لاکھو ں شہری مختلف سہولیات سے مستفید ہوچکے ہیںجبکہ سہولیات کے معیار کو مزید بہتر کرنے کیلئے انسپکشن اور مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ،پاکستان ائیر فورس ، ظفر اسلم سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امورسمیت پیشہ ورانہ تعاون اور رابطہ کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ انفارمیشن شئیرنگ اور دوطرفہ باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ،پاکستان ائیر فورس،ائیر وائس مارشل ظفر اسلم نے کرائم فائٹنگ اور عوامی سہولت کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ پبلک سروس ڈلیوری کے یہ پراجیکٹس نہ صرف وقت کی ضرورت کے مطابق ہیں بلکہ ملک کی دیگر پولیس فورسز کیلئے بھی قابل تقلید ہیں ۔

ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور ائیر وائس مارشل ظفر اسلم کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔