فرانس سے مزید 3 رافیل جنگی طیارے 5 نومبر کو بھارت پہنچیں گے

جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:02

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) فرانس سے مزید 3 رافیل جنگی طیارے 5 نومبر کو بھارت پہنچیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ فرانس سے مزید 3 رافیل طیارے وصول کریگی۔ یہ رافیل طیارے 5 نومبر کو بھارت پہنچیں گیجس کے بعد بھارتی فضائیہ کے پاس رافیل طیاروں کی تعداد 8 ہوجائے گی۔اس سے قبل فرانس سے ملنے والے 5 رافیل طیارے 10ستمبر کو بھارتی فضائیہ میں شامل ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ امید کی جارہی ہے کہ اپریل 2021 تک مزید 16 رافیل طیارے بھارتی فضائیہ میں شامل ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بھارت نے فرانس سے 2016 میں 59 ہزار کروڑ روپے کے 36 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھاتاہم معاہدے میں کرپشن کی خبریں سامنے آنے کے بعد اس کی خریداری التوا کا شکار ہوگئی تھی تاہم گذشتہ سال فروری میں پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپوں میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد اس معاہدے پر پیش رفت میں تیزی آئی۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان کی برتری کا بلواسطہ اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ رافیل کی کمی پورے ہندوستان نے محسوس کی ہے، اگر ہمارے پاس رافیل طیارہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔