Live Updates

پی ٹی آئی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے،عمران قریشی

جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ گورنر سندھ سمیت وفاقی وزراء سندھ کے مختلف اضلاع میں جاکر عوام کے مسائل کے حوالے سے آگاہی حاصل کررہے ہیں اور مختلف محکموں کے افسران کو ہدایت بھی کی جارہی ہے کہ وہ عوام کو فوری طورپر ریلیف فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب ، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں تاجروں ، صنعت کاروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کرکے ان کے مسائل معلوم کئے اور ان کے حل کیلئے وہاں موجود حیسکو کے اعلیٰ افسران کو فوری احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے حیسکو ، سوئی گیس سمیت دیگر کمپنیوں کے اعلیٰ افسران کو بھی احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ فوری طورپر بجلی کے لائن لاسز کم کرے اور عوام پر عائد کئے جانے والے ڈیٹکشن ، اوور بلنگ کا بھی تدراک کریں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پالیا جائے گا ، سابقہ حکومتوں نے جس طرح ملک کو لوٹ کر دیوالیہ کیا ہے اس کے اثرات سے عوام بری طرح پریشان ہیں ، تاہم اب پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے اور جلد ہی عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہاکہ جب بھی وزیراعظم عمران خان ملک میں بہتری کیلئے عملی اقدامات شروع کرتے ہیں تو چوروں کا وہ ٹولہ جو نہیں چاہتا کہ پاکستان میں تعمیروترقی اور خوشحالی آئے ، پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکے وہ متحرک ہوکر عوام کو ورغلانا شروع کردیتا ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ یہ عناصر نہ ماضی میں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوئے تھے نہ اب ہوسکیں گے کیونکہ کل تک ایک دوسرے کو چور کہنے والے آج اپنے مفادات کیلئے جمع ہوگئے ہیں جنہیں عوام مسترد کرچکی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات