پشاور، وزیر صحت تیمور جھگڑا نے نرسنگ میں پی ایچ ڈی پروگرام کا افتتاح کر دیا

صوبائی وزیر کا ذہنی معذور افراد کے ہسپتال اور کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا بھی دورہ، جلد فعال کرنے کی ہدایت

جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں نرسنگ میں پی ایچ ڈی پروگرام کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے حیات آباد میں ذہنی معذور افراد کے زیر تعمیر ہسپتال فاؤنٹین ہاؤس اور پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور جگر ٹرانسپلانٹ پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا اور انہیں جلد سے جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔

تیمور جھگڑا نے پی آئی سی میں بینک آف خیبر کی برانچ کا بھی افتتاح کیا۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا یہ انتہائی خوش آئند بات ہے نرسنگ میں ماسٹرز اور بی ایس پروگرام کے بعد پی ایچ ڈی پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جو کہ شاید پورے ملک میں اپنی نوعیت کا واحد پروگرام ہے۔

(جاری ہے)

تیمور جھگڑا نے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کی جانب سے اجاگر کیے جانے والے مسائل کو جلد سے جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم یو میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریز قائم ہیں اور مزید بھی قائم کریں گے۔ یونیورسٹی کے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سب کیمپس کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت اس پر غور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس میں اضافہ کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں صوابی میں ایک ہسپتال کو ایم ٹی آئی بنا رہے ہیں۔ ہمارا مشن ہے کہ صوبے میں قائم تمام صحت مراکز کو پوری استعداد کے ساتھ فعال کریں اور شہریوں کو بہترین صحت سہولیات مہیا کریں۔ اس مقصد کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے اور عوام کا تعاون بھی درکار ہوگا۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں مزید ہسپتال بنانے سے قبل پہلے سے قائم 15 سو کے قریب صحت مراکز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور جلد عوام صحت کے شعبہ میں کی جانے والی اصلاحات کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے بی ایس، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی نرسنگ کے طلبہ میں اسکالرشپ لیٹرز تقسیم کیے۔ تیمور جھگڑا نے کے ایم یومیں جگر ٹرانسپلانٹ پراجیکٹ کی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے ذہنی معذور افراد کے ہسپتال فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ کیا اور عمارت کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ تیمور جھگڑا نے اس منصوبے کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں وزیرِ صحت و خزانہ نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور وہاں بینک آف خیبر کی نئی برانچ کا افتتاح کیا۔