Live Updates

ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر زراعت

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی عمل کاجائزہ لینے اور حکومت کی رابطہ مہم کے سلسلے میں جمعرات کے روز ضلع مہمندکی تحصیل یکہ غنڈ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے مشران علاقہ کے ساتھ مختلف منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مشاورت کی اس موقع پر محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کے سپیشل سیکرٹری جنت گل ،ڈی جیز، ڈپٹی کمشنر ضلع مہمند اور معززین علاقہ بھی ان کے موجود تھے۔

وزیر زراعت نے یکہ غنڈ میں مشران علاقہ کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ یہاں کے عوام کی محرومیاں جلد دور ہو ںاسی لئے ان کی ہدایات کی روشنی میں وزراء ایک رابطہ مہم کے تحت ضم اضلاع کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ علاقے کے عوام کی خواہشات اور توقعات کے مطابق ترقیاتی پرو گرام کی تکمیل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علاقے کے عوامی نمائندوں اور عمائدین کی تجاویز کواس لئے اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ وہ علاقے کی ضروریات اور مشکلات سے بخوبی واقف ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ قبائلی علاقہ جات کا صوبے میں ضم کرنا اورترقی کے دہارے میں لاناپاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک بڑا کارنامہ ہے جو کہ احسن طرقے سے سرانجام دیا گیا اور اس طرح قبائلی عوام کو اسمبلی میں نمائندگی بھی مل گئی۔

محب اللہ خان نے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی قربانیوں اوربہادری کو سراہتے ہوئے کہاکہ حکومت ان کی ترقی کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے محب اللہ خان نے کہاکہ صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے ضم شدہ اضلاع کے لیئی10سالہ ترقیاتی پروگرام ترتیب دیا جس میں ضلع مہمند کا برابر حصہ ہے جبکہ وزیر اعظم کے زرعی ایمر جنسی پانچ سالہ پروگرام کے تحت 44ارب روپے کے منصوبے مکمل کیئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف منصوبوں کے لیئے فنڈز کا اجرا ہو چکا ہے جبکہ سالانہ پروگرام برائے رواں مالی سال کے تحت 7 منصوبوں پر کام بھی جاری ہے جن میں بھیڑ بکریوں کی مفت تقسیم زمینوں کی ہمواری ، ٹیوب یلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی ،گندم مکئی او سبزیوں کے تخم کی مفت تقسیم وغیرہ کی سکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کہ وہ عوام کی ضروریات کو ترجیح بنیادپر پوری کریں اور بھرتیوں میں مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں۔

اجلاس کے دوران ضلع مہمند میں جدید زرعی طریقوں کے متعارف کرنے، مستحق خاندانوں میں بکریوں،بھیڑوں کی تقسیم، رعایتی نرخوں پر سبزیوں اور گندم کے اعلیٰ تخم کی فرہمی، ماہی پروری کوفروغ دینے ویٹرنریز ڈسپنسریز کو اپ گریڈ کرنے اور موبائل وٹرنری کلینگ کی فرہمی، شفاخانہ حیوانات کی عمارتوں کی تعمیر ،ضم شدہ علاقوں میں مربوط زرعی ترقی ،مویشیوں کی بہتر نسل کی اقسام کو فروغ دینے اوربارانی پانی کی آبپاشی کیلیئے ذخیرہ اندوزی کے منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔

اس مو قع پر علا قے کے معز زین نے صوبا ئی وزیر کوعوامی مشکلا ت اور مسا ئل سے آگا ہ کیا جس پر محب اللہ خا ن نے متعلقہ آفسران کو اُن کے ازالے کے سلسلے میں فو ری اقداما ت اُٹھا نے کی ہدایت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات