پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدترین منڈی ، سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 9 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:39

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدترین منڈی ، سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 9 ارب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںجمعرات کوکاروبار حصص بدترین مندی سے دوچار ہوگیا۔خسارے کے نتیجے میںکے ایس ای 100 انڈیکس 41 ہزار اور40ہزار کی نفسیاتی حدوں کی حدیں گر گئیں اور انڈیکس 1298.86پوائنٹس کی کمی سے 39888پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دینے کے باعث 87.20فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروںکو2کھرب 9ارب 64کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا۔

حصص کے لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت47.05فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کوکاروبار کے آغازسے ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباو،ْ کے باعث مندی چھاگئی جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس41ہزار اور40ہزار کی نفسیاتی حدوں سے نیچے گرتے ہوئی39284 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیابعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس کی 39800پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی غالب رہی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس1298.86پوائنٹس کی کمی سے 39888پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 546.72ائنٹس کی کمی سے 16750.37پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 790.57پوائنٹس کی کمی سے 28185.56پوائنٹس اورکے ایم آئی30انڈیکس2201.68پوائنٹس کے خسارے سے 63496.69پوائنٹس پربند ہوا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مجموعی طور پر422کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سی47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 368میں کمی اور7کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔جمعرات کومجموعی طور54کروڑ17لاکھ79لاکھ803حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز36کروڑ84لاکھ23ہزار779شیئرزکا کاروبارہواتھا۔ مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ2 کھرب9 ارب64کروڑ50لاکھ47ہزار833 روپے گھٹ کر 73 کھرب 99 ارب 62 کروڑ 91 لاکھ 81 ہزار 308 روپے رہ گیا۔

جن کمپنیوں میں نمایاں کاروباری سرگرمیاں رہیں ان میںیونٹی فوڈز،میپل لیف،پاک انٹرنیشنل بلک،حیسکول پیٹرول،فوجی سیمنٹ،پاور سیمنٹ،ٹی آر جی پاک لمٹیڈ،پاک ریفائنری، شبیرٹائلز کے الیکٹرک شامل ہیں۔قیمتوں میں اتار چڑھائوکے اعتبار سے سیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت43.13روپے کے اضافے سے 823.25روپے اورپاک ٹوبیکو42.36روپے کے اضافے سے 1650روپے ہوگئی جب کہ یونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت1ہزارروپے کی کمی سی12900روپے اورباٹا پاک111.25روپے کی کمی سی1588.75روپے ہوگئی۔