سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں 12ربیع الاوّل کا دن ’’یوم تحفظ ناموس ِ رسالت وحرمت رسول ﷺ ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا

کراچی میں بھی 50سے زائد مقامات و مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے

جمعرات 29 اکتوبر 2020 23:13

سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں 12ربیع الاوّل کا دن ’’یوم تحفظ ناموس ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں 12ربیع الاوّل آج جمعہ 30اکتوبر کا دن ’’یوم تحفظ ناموس ِ رسالت وحرمت رسول ﷺ ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا، اس سلسلے میں کراچی میں بھی 50سے زائد مقامات و مساجد کے باہر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، ان خاکوں کو سرکاری عمارتوں پر لگانے اور فرانسیسی صدر کی جانب سے شانِ رسالت ﷺ اور مسلمانوں کے حوالے سے توہین آمیز بیان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

فرانس کے صدرکی مذمت کی جائے گی اور شانِ رسالت ﷺ اور نبی کریم ﷺ سے عقیدے و محبت کا اظہار کیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد بلاک Kکے سامنے بعد نماز جمعہ کے بعد مظاہرے سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

دیگر مظاہروں سے امراء اضلاع اور دیگر ذمہ داران خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے تحت اتوار یکم نومبر 4بجے دن، کو مزار قائد سے سی بریز پلازہ تک ناموس ِ رسالت ﷺ ریلی منعقد کی جائے گی اور منگل 3نومبر کو خواتین مارچ ہو گا۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب نے کراچی کے عاشقانِ مصطفیٰﷺ سے اپیل کی ہے کہ آج ہونے والے مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں اور محسن ِ انسانیت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے عقیدت و محبت کا بھر پور اظہار کریں اور عزم کریں کہ ناموس رسالت ﷺ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔#