عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اور ایسے پر تشدد واقعات کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا

پاکستان کی جانب سے فرانس کے شہر نیس میں چرچ پر ہوئے حملے کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار

muhammad ali محمد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:31

عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اور ایسے پر تشدد واقعات کا کوئی جواز نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان کی جانب سے فرانس کے شہر نیس میں چرچ پر ہوئے حملے کی مذمت۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز یورپی ملک فرانس کے شہر نیس میں واقع چرچ پر ہوئے حملے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ پاکستان نے فرانس کے شہر نیس میں حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان فرانس کے شہر نیس کے اندر آج ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ خاص طورپر عبادت گاہوں کا نشانہ بنانا اور ایسے پر تشدد واقعات کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے کہ فرانسیسی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح نیس شہر میں ایک حملہ آور نے لوگوں پر چاقو سے حملہ کردیا جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد دیگرزخمی ہوگئے۔نیس کے میئر کرسٹیان استروسی نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ یہ بظاہر ایک دہشت گردانہ حملہ تھا جو شہر کے نوٹرے ڈیم چرچ کے پاس پیش آیا۔