حب محمد ﷺ کی جتنی ضرورت آج محسوس کی جارہی ہے شاید ہی کبھی محسوس کی گئی ہو ،میر ظہور احمد بلیدی

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:42

کوئٹہ۔29اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2020ء) :صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ نے تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے، نبی  کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے اس دنیا سے جہالت کے اندھیرے مٹ گئے اور عمل و علم کی روشنی کی بدولت دنیا سے تمام فرسودہ رسومات کا خاتمہ ہوا قوم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے تب ہی فائدہ اٹھا سکتی ہے جب ان کے لائے ہوئے پیغامات پر عملاً کام ہوگا اور ہماری زندگی ان کے بتائے ہوئے طریقوں کا عملی نمونہ پیش کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جتنی ضرورت آج محسوس کی جارہی ہے شاید ہی کبھی محسوس کی گئی ہو کیوں کہ امت مسلمہ کو طرح طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے اور ان کا حل سنت نبوی میں پوشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اللہ کی دی ہوئی کتاب القران اور نبی کی سنت ہی متحد رکھ سکتی ہے لہذا ہمیں اپنی زندگیوں کو قرآنی تعلیمات اور سنت نبوی سے منور کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امت طرح طرح کے فرقوں میں بٹ گئی ہے اور اس کی بنیادی وجہ تعلیمات قرآنی اور سنت نبوی سے روگردانی ہے جب ہم قرآن اور سنت نبوی کا تفصیل سے مطالعہ کریں گے تو باطل کی تمام قوتوں کو شکست دیں گے ۔میر ظہوراحمد بلیدی نے کہا کہ نبی پاک کی زندگی ہمارے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے اور حب نبوی کے بہترین اظہار کا ذریعہ اپنی زندگیوں کو نبی پاکؐ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق ڈھالنا ہے

متعلقہ عنوان :