پہلا ون ڈے، پاکستانی کھلاڑیوں کی مغرب کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو وائرل

پانی کے وقفے میں عابد علی، فخر زمان اور محمد رضوان نے مغرب کی نماز ادا کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 اکتوبر 2020 19:05

پہلا ون ڈے، پاکستانی کھلاڑیوں کی مغرب کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو وائرل
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30اکتوبر 2020ء ) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی مغرب کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں زمبابوے کی اننگز کے دوران جب پانی کا وقفہ ہوا تو قومی اوپنرز عابد علی، فخر زمان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے میدان میں ہی مغرب کی نماز ادا کرلی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب قومی کھلاڑیوں کے نماز کو اہمیت دینے کو سراہا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 282رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی جانب سے بی چھاری اور چی بھابھا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم چھاری صرف 2 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، چی بھابھا بھی 12 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا ہی شکار بنے۔

(جاری ہے)

کریگ ایرون اور برینڈن ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے 71 رنز جوڑے جس کے بعد ایرون 42 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بن گئے، سین ولیمز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 4 رنز بنا کر وہاب ریاض کے ہاتھوں پوویلین لوٹے، اس سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے ایک بار پھر دفاعی مائنڈ سیٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارح مزاج فخر زمان کی جگہ عابد علی کو موقع دیا جب کہ حارث رئوف آج اپنا پہلا ون ڈے کھیل رہے ہیں ۔

پاکستان کے لیے امام الحق اور عابد علی نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا جب کے بعد عابد علی 21 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔بابر اعظم اور امام الحق نے دوسری وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے جس کے بعد بابر 19 رنز بناکر موزاربانی کے ہاتھوں پوویلین لوٹے ۔ امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 58 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ۔

محمد رضوان بھی تیز کھیلنے کی کوشش میں 14 رنز بناکر چسورو کی گیند پر بولڈ ہوگئے، افتخار احمد بھی صرف 12 رنز بنا کرپوویلین لوٹے۔ حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی لیکن 71 رنز بنا کر بڑی شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے سکندر رضا کا شکار بن گئے ،فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ساتویں وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف 23 رنز بنا کر پوویلین لوٹے،وہاب ریاض 8 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم 34 اور شاہین آفریدی 8 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے موزاربانی اور چسورو نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور کارل ممبا نے ایک ،ایک وکٹ لی۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز بھی راولپنڈی میں ہی کھیلی جائے گی ۔ اس میچ کے لیے پاکسانی الیون بابراعظم(کپتان)، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عماد وسیم پر مشتمل ہے جب کہ زمبابوین ٹیم میں چامو چبھابھا(کپتان)، سکندر رضا، برینڈن ٹیلر(وکٹ کیپر)، برائن چاری، ٹنڈائی چسورو، کریگ ایرون، ویزلے میڈھویرے، کارل ممبا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگاروا اور شان ولیمزشامل ہیں۔