جماعت اسلامی کے تحت ضلع غربی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مظاہرے اور ریلیاں

اسلام مقدس ہستیوں کی تعظیم کا درس دیتا ہے،دنیا کو بھی مسلمانوں کے بارے میں ایسے جذبات کا اظہار کرنا چاہئے،محمداسحاق خان

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 15:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت ضلع بھر میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف70مقامات پر مظاہرے،فقیر کالونی اور شاہ والی نگر میں ریلیاں ،فرانسیسی پرچم اور صدر کے پتلے نذر آتش،اوآئی سی کا اجلاس بلانے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ ۔بنارس چوک پر مرکزی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی ؐ تمام دنیاء کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں،صرف اسلام ہی نہیں تما م ادیان میں انکی عظمت اور کردارکی گواہی موجود ہے۔

اسلام مقدس ہستیوں کی تعظیم کا درس دیتا ہے۔دنیا کو بھی مسلمانوں کے بارے میں ایسے جذبات کا اظہار کرنا چاہئے۔فرانس میں گستا خانہ خاکوں کی اشاعت اور حکومتی پشت پناہی اسٹیٹ ٹیررازم ہے ۔

(جاری ہے)

فرانسیسی صدر نے تمام دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔مسلمان نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرینگے۔محمد اسحاق خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور فرانس کے ساتھ تعلقات ختم کرکے سفیر کو مک بدر کرے اور و آئی سی کا اجلاس بلاکرنبیؐ کریم کی شان میں گستاخی کو عالمی قا نون کے مطابق جرم قرار دینے کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں۔

رین اثناء مومن آباد،قصبہ کالونی،شاہ ولی اللہ نگر،محمد نگر ،غازی آباد،مدینہ کالونی،گلشن غازی،پیر آباد،شیرشاہ،پاک کالونی،میٹروول،لیبر اسکوائر،چوبیس مارکیٹ،اتحاد ٹائون،ماڑی پور،نیول کالونی،منگھوپیر ،رشید آباد،نئی آبادی،علاقہ بلال اور داتا نگر سمیت ضلع بھر میں مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جس سے خالد زمان شیخ ،مدثر حسین انصاری،فضل احد،ماسٹر امین اللہ سمیت ضلعی و علاقائی ذمہ داران نے خطاب کیا۔

محمد اسحاق خان نے مزید کہا کہ اسلام فوبیا کا شکار متعصب یورپی رہنماء نبی ؐ کی ناموس پر حملہ آوار ہیں جبکہ مسلم حکمران زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ رہے۔ آج یورپ مسلم یکجہتی کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہے ہمیں قوم، زبان اور رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم کررہا ہے۔ ان سازشوں کے مقابلے میں مسلمانوں کو باہمی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔