راولاکوٹ میں پیش آنیوالا واقعہ کوآرڈینیشن نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 19:18

مظفر آباد۔31اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) :وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں پیش آنیوالا واقعہ کوآرڈینیشن نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ،ایف آئی اے نے اس حوالے سے متعلقہ ضلع کی انتظامیہ سے رابطہ نہیں کیا جس پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لیے وزارت داخلہ کو کیس بھیج رہے ہیں حساس ادارے کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ۔

بھمبر میں بھی ایک واقعے کو قومی ادارے سے جوڑا جارہا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ بشمول ایکسرے اور سٹی سکین میں معمولی چوٹ بھی نہیں رپورٹ ہوئی ایسے معاملات پر غیر ضروری طور پر تبصرے سے گریز کرنا چاہیے پاک فوج آزادکشمیر کے عوام اور علاقے کی حفاظت کی ضامن ہے آزادکشمیر کے ساٹھ ہزار جوان اس فوج کا حصہ اورمودی کے آزادکشمیر کے حوالے سے عزائم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے عوام اور پاک فوج کا بہت گہرا تعلق ہے جس کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا آزادکشمیر کے دفاع کے لیے ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے جوانوں کے خون کی خوشبو سے آزادکشمیر کی سرزمین آج تک معطر ہے۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والوں کے لیے پاک فوج اور ہندوستانی فوج میں زمین و آسمان کا فرق ہے پاک فوج ہماری اپنی فوج اور ہماری عزت اور آزادی کی محافظ فوج ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے عوام سے اپیل کی کہ پاک فوج اور حساس اداروں کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت پروپیگنڈا کرنے والوں کو ناکام بنائیں عوام سیاسی جماعتیں سول سوسائٹی آگے بڑھ کر ایسے عناصر کی بیخ کنی کرے جو آزادکشمیر میں نظریاتی تخریب کاری کی کوششیں کررہے ہیں۔