پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق نریندرمودی کا بیان مسترد کردیا

مودی نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں تاثرات کا غلط حوالہ دیا، وفاقی وزیر، دراصل مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت پر ردعمل کا حوالہ دے رہے تھے، بھارت آج تک پاکستان کے پلوامہ حملے میں مبینہ ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ ترجمان دفترخارجہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 31 اکتوبر 2020 20:29

پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق نریندرمودی کا بیان مسترد کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر2020ء) پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق نریندرمودی کا بیان مسترد کردیا ہے، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مودی نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں تاثرات کا غلط حوالہ دیا، وفاقی وزیر ، دراصل مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت پر ردعمل کا حوالہ دے رہے تھے، بھارت آج تک پاکستان کے پلوامہ حملے میں مبینہ ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مودی نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں تاثرات کا غلط حوالہ دیا۔مودی کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر ، دراصل مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت پر ردعمل میں پلوامہ کا حوالہ دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

بھارت آج تک پاکستان کے پلوامہ حملے میں مبینہ ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بی جے پی ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارتی قیادت کا وطیرہ ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگاتی ہے۔ پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی کو ہوا ہے۔ پلوامہ حملے کے بعدپاکستان مخالف مہم سے بی جے پی کو لوک سبھا کے الیکشن میں واضح اکثریت ملی۔ واضح رہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے 29 اکتوبر کو قومی اسمبلی میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سردار ایاز صادق کو ریاست کی ایک سرگرمی میں عزت دی گئی، اس میں شامل کیا گیا، لیکن آپ اسمبلی کے فلور کے اوپر باتیں کررہے ہیں، پھر جھوٹ اتنے سے بولتے ہیں کہ جھوٹا شخص بھی کیا بات کرے گا؟ ایاز صادق نے ایوان میں بات کی شاہ محمود قریشی کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں کہ ہندوستان حملہ کررہا ہے۔

جبکہ ہم نے تو ہندوستان کو گھس کے مارا ہے، پلوامہ میں جو ہماری کامیابی ہے، وہ عمران خان کی قیادت میں اس قوم کی کامیابی ہے۔ پلوامہ واقعے کے بعد جس طریقے سے ہم نے گھس کر ہندوستان کو مارا۔ جس طریقے پاکستان کے شاہینوں نے گھس کر مارا، ہندوستان کی پٹائی کی، اس پر ہندوستان کا اپنا میڈیا شرمندہ ہے۔ آپ کہتے ہیں کہ ہماری ٹانگیں کانپ رہی تھیں؟ کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے ہم ہیں تاہم کئی دفعہ نادانی میں بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔