جیمز بانڈ کا کردارادا کرنے والے اداکار شین کونری 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

شین کونری کا فلمی کیریئر پانچ دھائیوں پر مشتمل تھا، اور 1988میں معروف فم دی ان ٹچ ایبل میں شاندار کردار ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 20:42

جیمز بانڈ کا کردارادا کرنے والے اداکار شین کونری 90 برس کی عمر میں انتقال ..
ناساؤ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 31 اکتوبر2020ء) جیمز بانڈ کا معروف کردارادا کرنے والے اداکار شین کونری 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق ہالی وڈ اداکار شین کونری 90 برس کی عمر میں چل بسے ۔ شین کونری معروف فکشن سیریز میں جیمز بانڈ کے کردار کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتے تھے ۔ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے شین کونری جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم میں بطور جیمز بانڈ جلوہ گر ہوئے تھے جس کے بعد اس سیریز کی مزید سات فلموں میں انہوں نے ہی جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا۔

شین کونری کے بیٹے نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ والد کا رات کو سوتے ہوئے انتقال ہوگیا۔ وہ کافی عرصے سے باہاماس میں رہائش پذیر تھے، اور گزشتہ چند دنوں میں ان کی طبیعت ناساز تھی ۔

(جاری ہے)

ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان کے کئی لوگ باہاماس میں والد کے پاس موجود تھے۔ جیمز بانڈ سیریز کی فلم تھنڈر بال کی شوٹنگ اس علاقے میں ہوئی تھی اور والد اسی علاقے میں رہنا پسند کرتے تھے، ان کی اچانک موت کے بعد تمام اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں۔

آج کا دن دنیا بھر میں ان کے مداحوں اور محبت کرنے والوں کے لیے انتہائی افسوسناک دن ہے۔ یاد رہے کہ شین کونری کا فلمی کیریئر پانچ دھائیوں پر مشتمل تھا، اور 1988میں معروف فم دی ان ٹچ ایبل میں شاندار کردار ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں ۔ ان کی معروف فلموں میں دی ہنٹ آف ریڈ اکتوبر، ہائی لینڈر، انڈیانہ جانز اور دی لاسٹ کروسیڈ اینڈ دی راک شامل ہیں ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے شین کونری کی آخری رسومات ایک نجی محفل میں ادا کی جائیں گی جس میں صرف قریبی لوگ شرکت کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :