وفاقی حکومت کا دسمبر سے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ

ماحول دوست پروگرام کے تحت اسلام آباد میں 38 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، منصوبے سے تین سے پانچ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 21:13

وفاقی حکومت کا دسمبر سے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رواں برس دسمبر تک اسلام آباد میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی ۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رواں سال کے آخری مہینے تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 38 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحول دوست الیکٹرک بسیں سب سے پہلے اسلام آباد میں چلیں گی۔

دسمبر میں 38 بسیں وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر چلتی ہوئی نظر آئیں گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے جرمنی کی ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، جرمن کمپنی تین مراحل میں سرمایہ کاری کرے گی۔ پہلے مرحلے میں جرمن کمپنی مینو فیکچرل پلانٹ نصب کرے گی، اس کے بعد بس کو ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ امید ہے اس منصوبے سے تین سے پانچ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی ۔

(جاری ہے)

الیکٹرک بسیں چلانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اقدامات کا حصہ ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ یاد رہے کہ وزارت سائنس اور نجی کمپنی میں الیکٹرک بسز کے حوالے سے حال ہی میں یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ روٹین کے آلو مٹر بیچ کر پاکستان کو ترقی نہیں دلا سکتے، ٹیکنالوجی سے پاکستان کو ترقی دی جا سکتی ہے۔

ہمارے ملک میں موٹر سائیکل پر پانچ افراد سفر کر رہے ہوتے ہیں، فیملی کے لئے تھری ولر رکشہ لانے کا سوچ رہے ہیں۔ ہمیں ایسے منصوبے لانے چاہئیں جن میں حکومت کو زیادہ پیسہ خرچ نہ کرنا پڑے، ہم جے ایف سیون ٹین تھنڈر اور خالد ٹینک بنا رہے ہیں لیکن اپنا ٹی وی، موبائل اور دیگر الیکٹرانک اشیاء نہیں بنا سکے۔ الیکٹرک بسوں کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں تین شہروں میں بسز چلائیں گے، اب ہم الیکٹرک گاڑیوں میں انڈیا کا مقابلہ کریں گے۔

الیکٹرک بسز میں بہت جلد ہم انڈیا کو پکڑ لیں گے، اگلے دو تین سالوں میں پورا موٹروے نیٹ ورک الیکٹرک وہیکل چارجنگ پر شفٹ ہوجائے گا۔ جب ایسی کمپنیز پاکستان میں آرہی ہوں یہاں کا میڈیا دیکھ کر ان کو ڈر نہیں لگنا چاہیے۔ پاکستان کیساتھ معاہدے کے حوالے سے سی ای او نجی کمپنی ای جی وی نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان میں آکر بہت خوشی ہو رہی ہے، الیکٹرک وہیکلز میں حکومت کی پالیسیز پسند آرہی ہیں، ہم بھی پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔