شہر سبی میں بھی جشن عید میلاد النبی? مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 23:25

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) : بلوچستان کے شہر سبی میں بھی جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جشن عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوا جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی موثر انتظامات کیے گئے تھے جبکہ جلوس کی نگرانی ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر یاسر محمد بازئی ایس ایس پی فاروق فیض لہڑی، اے ایس پی زاہد ارسلان ایف سی 144ونگ کے کیپٹن محمد اویس جدون کر رہے تھے جلوس کی حفاظت کے لیے 800 کے قریب ایف سی پولیس بلوچستان کانسٹیبلری اور لیویز کے جوان اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جلوس کی گزرگاہوں کو خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیا گیا تھا اور جلوس میں آنے والے لوگوں کی مکمل تلاشی لینے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی جا رہی تھی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے ترین چوک پر پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر یاسر محمد بازئی نے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام عالم کے لیے ایک مثالی زندگی ہے ان کی سنت و افکار پر عمل کرکے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کو درپیش مشکلات اور پریشانی کی بنیادی وجہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے راستوں سے ہٹنا ہے اطمینان قلب اور دینی و دنیاوی خوشی کے حصول کے لیے ہمیں نبی پاک کے راستوں پر چلنا ہو گا۔