گلبرگ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 5 نوجوان زخمی، ملزم فرار

زخمیوں کی شناخت یاسین، دانش، چاند، حنان اور شیرا کے نام سے ہوئی، پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 23:27

گلبرگ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 5 نوجوان زخمی، ملزم فرار
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر2020ء) لاہور کے علاقے گلبرگ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 نوجوان زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور گلبرگ کے علاقے غالب مارکیٹ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 5 نوجوان زخمی ہو گئے ہیں ۔ فائرنگ غالب مارکیٹ میں موجود گیسٹ ہاؤس کے باہر ہوئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا، پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت یاسین، دانش ، چاند ، حنان اور شیرا کے نام سے ہہوئی ہے ۔

پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی ہے ۔ واضح رہے کہ کچھ دیر قبل کراچی میں ایک امام مسجد پر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں مفتی عبداللہ شدید زخمی ہوئے جس کے بعد ان کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان نے موٹر سائیکل پر مفتی عبداللہ کا پیچھا کیا ، اور ان کو گھر کے قریب پہنچنے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا، فائرنگ کے دوران گولی پستول کے چیمبر میں پھنسنے کے باعث ملزمان فائر نہیں کر سکے ۔

موقع پر موجود اہل علاقہ اور سیکیورٹی گارڈ نے ملزمان کو پکڑا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا  جبکہ دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے موبائل فون اور نائن ایم ایم پستول برآمد کر لی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔