شاہ فہد کمپلیکس برائے طباعت و اشاعت قرآن کے زیراہتمام نئے منصوبوں کا افتتاح

نئے منصوبوں میں13.519.3سائز کے نئے قرآنی نسخوں کی اشاعت بھی شامل ہے،انتظامیہ

پیر 2 نومبر 2020 12:17

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2020ء) سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ودعوت و ارشاد اور شاہ فہد کمپلیکس برائے طباعت واشاعت قرآن کریم کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے مدینہ منورہ میں کمپلیکس نے نئے طباعتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔عرب ٹی وی کے مطابق نئے شروع کیے جانے والے طباعتی اور اشاعتی منصوبوں میں13.519.3سائز کے نئے قرآنی نسخوں کی اشاعت بھی شامل ہے۔

اس منصوبے میں شائع کیے جانے والے قرآن پاک کے نسخے کے ہرصفحے کا اختتام آیت کے اختتام کے ساتھ نہیں ہوتا۔ اسی طرح 3524.5 سائز کے نئے محسن رسم الخط میں قرآن پاک کی اشاعت بھی شامل ہے۔شاہ فہد کمپلیکس کے زیراہتمام نئے پروجیکٹس میں فلپائنی زبان التگالوگ میں قرآن پاک کا ترجمہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

التگالوگ بولنے والے باشندوں کی تعداد 5 کروڑ سے زاید ہے۔

اس کے علاوہ کمپلیکس کی ویب سائٹ پر 14 زبانوں امازیگی، باسا، التگالوگ، الدغبانیہ، تاجک، ملاوی، مندریہ، لانکو، تلگو، فارسی، ویتنامی، ملیباریہ اور نیبالیہ زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم کی اشاعت بھی نئے منصوبوں کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ اشاروں کی زبان میں معذور افراد کے لیے عقیدہ، طہارت، نماز، عبادات، معاملات، اخلاق اور آداب کے حوالے سے قرآنی تعلیمات پرمبنی کتابوں کی طباعت کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت مسجد نبوی کے اندرونی مناظر کو ورچوئل شکل میں 360 ڈگری کے زاویے کے مطابق عکس بند کرنے اور اس کی فلم تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس منصوبے میں پوری مسجد نبوی کے مناظر کو جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کا آغاز مسجد نبوی کے باب السلام سے ہوگا اور جو باب جبریل سے گذر کر روضہ اطہر، باب رحمت اور بیرونی گیلریوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔

تمام مناظر کوپینورامک انداز میں مربوط کرکے انہیں دوربین کے ذریعے زائرین کو دکھانے کا اہتمام کیا جائیگا۔ڈاکٹر آل الشیخ نے بتایا کہ سعودی وزارت مذہبی امور اعلی معیار کے قرآن پاک کے نسخوں کی طباعت واشاعت اور پوری دنیا میں ان کی ترسیل کو پورے عالم اسلام کے لیے اپنی خدمت کا حصہ سمجھتی ہے۔ وزارت نے 1405ھ کے بعد قرآن پاک کی اشاعت وتدوین میں 100 فی صد اضافہ کیا اور اس کے بعد اب تک قرآن پاک کے 50لاکھ نسخے طبع کیے گئے جب کہ مجموعی نسخوں کی تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ گذشتہ دو سال کے دوران قرآن پاک کے 20 لاکھ نسخے طبع کیے گئے۔