نون ‘شین لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں.مریم نواز

کم ظرف لوگ 30 سال سے یہ باتیں کر رہے ہیں، یہ خاندان اکٹھا ہے اور اکٹھا رہے گا .نون لیگی راہنماءکی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 نومبر 2020 15:00

نون ‘شین لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں.مریم ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 نومبر ۔2020ء) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو لوگ (ن)، (ش) اور (م) لیگ کی باتیں کرتے تھے ان کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں. لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر مریم نواز اپنے چاچا اور کزن حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت پہنچیں.

(جاری ہے)

مریم نواز نے عدالت میں پہنچنے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور اس موقع پر مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیاعلاوہ ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہیں جمہوری قیادت سے جتنی دہشت ہے اتنی کسی سے نہیں انہوں نے کہا کہ جو لوگ (ن)، (ش) اور (م) لیگ کی باتیں کرتے تھے ان کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں. انہوں نے کہا کہ کم ظرف لوگ 30 سال سے یہ باتیں کر رہے ہیں، یہ خاندان اکٹھا ہے اور اکٹھا رہے گا مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جانا قابل مذمت ہے، حکومت جو معیار مقرر کر رہی ہے اس کو بھی بھگتنا پڑے گا.

مریم نواز نے کہا کہ انشا اللہ اگلا سال الیکشن کا سال ہے جبکہ گلگت بلتستان کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے منہ پر ہاتھ پھیر کر نواز شریف کو مخاطب کرنے والے بیان پر کہا کہ یہ سب وہ انتقام ہے جو آپ کو نظر آرہا ہے. واضح رہے کہ گزشتہ روز نون لیگ کی ”شیرجوان موومنٹ“کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ اگر تین دفعہ کا منتخب وزیراعظم سزا بھگت سکتا ہے تو پھر کوئی امر مانع نہیں، یہاں کوئی آسمان سے نہیں اترا اور سب کو جواب دینا پڑے گا اور اداروں کو ایک سیاسی جماعت کے پیچھے کھڑے نظر آنے کی پالیسی پر نظر ثانی کرنی پڑے گی شیرجوان موومنٹ کے حوالے سے مریم نواز نے کہا تھاکہ یہ شیردل جوان تحریک بظاہر نئی اور نام بھی نیا ہے لیکن اس تحریک کے مقاصد وہی ہیں جس کی بنیاد 83 سال قبل 1937 میں آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے نام سے رکھی گئی تھی اور اس کے سرپرست اعلیٰ قائد اعظم محمد علی جناح خود تھے اور اس تنظیم نے تحریک پاکستان میں ہراول دستہ کا کردار ادا کیا تھا.

مریم نواز نے کہا کہ کہتے ہیں کہ اس میں خواتین کو شامل نہیں کیا گیا اور شیر جوان صرف لڑکوں تک محدود ہے لیکن ایسا نہیں ہے ہم سب اس تحریک کا حصہ ہیں تمام شیرنیاں اسی جذبے سے لڑیں گی‘انہوں نے کہا کہ 72 سال قبل پاکستان جن اغراض و مقاصد کے لیے بنا تھا ہمیں آج بھی اس پر صحیح معنوں میں عمل درآمد نظر نہیں آیا، شیر جوان ایک تحریک ہے، شیر جوان تحریک جوانوں کو سیاسی شعور دینے کی تحریک ہے، یہ بچوں اور بچیوں کے حقوق کا احساس اور شعور بیدار کرنے کی تحریک ہے.

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ہائبرڈ نظام جس کو آج کل ہائبرڈ حکومت کہتے ہیں، اس کے خطرات سمجھانے کی تحریک ہے، مستقبل کی قیادت تیار کرنے کی تحریک ہے، ڈگمگاتی امیدوں اور ٹوٹتے خوابوں کو جوڑنے اور سیمٹنے کی تحریک ہے‘انہوں نے کہا کہ غلامی وہ پردہ ہے جو ہماری ذہنوں پر ڈال دیا جاتا ہے تاکہ ہمیں سچائی اور حق کا راستہ نظر نہ آئے، تاکہ ہم حق کو حق اور سچ کو سچ نہ کہہ سکیں، آپ اپنا حق نہ مانگ سکیں اور اپنے حقوق پر خاموش ہوجائیں، آپ کا حق آپ کو بھیک کی طرح دیا جائے اور اتنا دیا جائے جو طاقت ور کی مرضی ہو.

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئین اور حلف کی پاسداری کی بات کر رہا ہے، نواز شریف عدلیہ کی آزادی کی بات کر رہا ہے، ہم نے وردی پر الزام نہیں لگانا یہ ہمارے فوجیوں کی وہ وردی ہے جو سیاچن میں ہماری حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوتے ہیں اور جب ان کو دفنایا جاتا ہے تو ان کی وردیاں خون آلود ہوتی ہیں، ہم نے پہنچاننا ہے کہ اس وردی کو داغدار کرنے والے دو یا تین کردار کون سے ہیں اور ہم ان کرداروں کو وردی کی آڑ نہیں لینے دیں گے.